لندن: (اے یو ایس)غزہ میں اسرائیلی مظالم کیخلاف برطانیہ، اسپین اور جرمنی میں مظاہرے کیے گئے، مظاہرین کا کہنا تھا کہ کئی سالوں سے خاموش رہ لیے اب فلسطینیوں کے دفاع اور ان کے لیے بولنے کا وقت آگیا ہے۔لندن میں فلسطین کے حق میں بڑی تعداد میں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے۔فلسطینی پرچم تھامے مظاہرین ماربل آرک پر جمع ہوئے اور اسرائیلی سفارتخانے کی جانب مارچ کیا۔اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں بھی فلسطین کے حق میں ہزاروں افراد نے مظاہرہ کیا۔جرمن دارالحکومت برلن میں بھی غزہ میں اسرائیلی مظالم کیخلاف پرامن مظاہرہ کیا گیا۔
خیال رہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں میں اب تک 40 بچوں سمیت 140 فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں۔امریکی شہر ہیوسٹن میں غزہ پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہرہ کیا گیا ہے۔مظاہرین کے ہاتھوں میں موجود پلےکارڈز پر درج نعروں میں سے ایک نعرہ یہ بھی تھا کہ ”تم فلسطینیوں کو کبھی خاموش نہیں کر سکتے“مظاہرے کے شرکاءنے اسرائیل کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینیوں کے حق میں بینر اٹھا رکھے تھے۔شرکاء نے فلسطین سے اظہارِ یک جہتی کے لیے فلسطینی پرچم بھی اٹھا رکھے تھے۔ہیوسٹن مظاہرے میں پلے کارڈز پر مختلف نعرے درج تھے جن میں سے چند یہ تھے کہ ”قبضہ ختم کرو، فلسطین کو آزاد کرو“، ”فلسطینیوں ہم آپ کی حمایت کرتے ہیں“، ”تم فلسطینیوں کو کبھی خاموش نہیں کرسکتے“۔
