Ten people including mother and her 3 children killed in rain related incidents in UP

لکھؤ: اترپردیش کے مختلف اضلاع سے موصول اطلاع کے مطابق ریاست کے زیادہ تر اضلاع میں گذشتہ 48 گھنٹوں سے ہونے والی بارش کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے باعث معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے اور متعدد مقامات سے مکانات گرنے کی اطلاعات ہیں۔ سون بھدرا اور دہلی این سی آر کی حدود میں شامل شاملی ضلع میں مکان اور چھپر کے گرنے کے نتیجے میں 10 افراد کے ہلاک اور 14کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

طوفانی پانی کی وجہ سے مویشی بھی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔شاملی ضلع میں بارش کے باعث ایک مکان کی چھت گرگئی ، جس کے نتیجے میں ایک ہی کنبہ کے تین بچے اور ماں دم توڑ گئیں۔اس دلخراش خبر کا علم ہوتے ہی کوتوالی پولس اور ایس ڈی ایم سندیپ کمار جائے حادثہ پہنچ گئے اور سانحہ سے متعلق معلومات جمع کیں۔ اس ہولناک حادثہ سے پورا گاؤں سناٹے میں ہے اور پورے گاؤں پر غم و اندوہ کی چادر تنی ہوئی ہے۔ہر شخص صرف اسی حادثہ کا ذکر کرتا نظر آرہا ہے۔

کنبہ کے دو دیگر افراد باپ شاہد اور ایک بیٹا چونکہ باہر براآمدے میں سو رہے تھے اس لیے ان کی جان بچ گئی۔ماں تین بچوںکے ساتھ کمرے میں سو رہی تھی کہ صبح پانچ بجے یہ حادثہ پیش آیا۔آس پاس کے لوگوں نے ملبہ ہٹا کر کسی طرح اس میں دب جانے والے چاروں گھر والوں کو باہر نکالا لیکن اس وقت ماں اور تینوں بچے دم توڑ چکے تھے۔ ڈی ایم جسجیت کور نے کہا کہ ہلاک ہونے والے ہر شخص کے نام پر کنبہ کو چار چار لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔

سون بھدرا سے ملی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جمعرات کے روز ہی بارش سے متعلقہ حادثات اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث کم ازکم پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔ ان کی شناخت 24سالہ رنجن کمار ساکن دودھی علاقہ،کورچی گاو¿ں،22سالہ رمیش اور 22سالہ نند لال یادو ساکنان چوپن علاقہ،35سالہ اہیر ساکن بوڈھیا گاو¿ں اور 8سالہ لکی ساکن چین پورہ کے طور کی گئی ہے۔دوسری جانب ، سلطان پور میں گذشتہ رات سے ہونے والی بارش کی وجہ سے چھپر گر گیا۔ اس حادثے میں زخمی شخص ڈسٹرکٹ اسپتال میں دم توڑ گیا۔