Egypt and Israel agree for peace and reconstructions in Gaza Strip

قاہرہ:(اے یو ایس)مصر اور اسرائیل غزہ کی پٹی میں بحالی امن اور تعمیر نو کی سہولت کاری پر متفق قاہرہ – اشرف عبدالحمید مصری وزارت خارجہ کے اعلان کے مطابق اسرائیل نے باور کرایا ہے کہ وہ غزہ میں خاموشی اور سکون برقرار رکھنے کا خواہش مند ہے۔وزارت کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ مصری وزیر خارجہ سامح شکری کو ان کے اسرائیلی ہم منصب جابی اشکنازی کی جانب سے جمعہ کی شام ٹیلیفون کال موصول ہوئی۔ اس موقع پر اشکنازی نے فلسطینی جانب کے ساتھ فائر بندی تک پہنچنے کے سلسلے میں مصر کی کوششوں کو قابل تحسین قرار دیا۔ اسی طرح انہوں نے باور کرایا کہ ان کا ملک سکون برقرار رکھنے کا خواہش مند ہے۔

دونوں وزرائے خارجہ کے بیچ آئندہ مرحلے میں غزہ میں تعمیر نو کے عمل کو آسان بنانے کے لیے مطلوبہ اقدامات زیر بحث آئے۔ انہوں نے دونوں ملکوں، فلسطینی اتھارٹی اور بین الاقوامی شریک فریقوں کے درمیان نظم و نسق کے ساتھ کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔مصری وزارت خارجہ کے سرکاری ترجمان احمد حافظ کے مطابق اولین ترجیح غزہ پٹی میں فائر بندی کو باقی رکھنا اور سیاسی تصفیے کے عمل کو آگے بڑھانا ہے۔ العربیہ کے نمائندے نے بتایا کہ مصر کا سیکورٹی وفد غزہ پٹی روانہ ہو چکا ہے۔ ذرائع نے العربیہ اور الحدث نیوز چینلوں کو بتایا کہ مصری سیکورٹی ذمے داران نے فلسطینی گروپوں سے جذبات کو کنٹرول میں رکھنے اور غزہ پٹی سے اسرائیل پر راکٹ نہ داغنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ساتھ ہی باہمی اختلافات کو ختم کرنے اور کسی بھی صورت جنگ بندی کو ناکام ہونے سے روکنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فلسطینی گروپوں نے باور کرایا ہے کہ وہ فائر بندی کے سمجھوتے کے پابند رہیں گے۔ انہوں نے مصر سے مطالبہ کیا کہ وہ سمجھوتے پر عمل درامد کا جائزہ لیتا رہے۔

اسرائیل کی جانب سے بھی یہ ہی موقف اختیار کیا گیا ہے۔ مذکورہ ذرائع نے یہ انکشاف بھی کیا کہ مصر غزہ کی تعمیر نو کے لیے قاہرہ میں ایک بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد کے واسطے رابطے کر رہا ہے۔ذرائع نے واضح کیا کہ قاہرہ فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے بیچ ایک امن کانفرنس کی میزبانی کے لیے بھی کوشاں ہے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ اسرائیل کا ایک سیکورٹی وفد غزہ سے متعلق امور پر بات چیت کے لیے قاہرہ کا دورہ کرے گا۔ ذرائع کے مطابق قاہرہ اسرائیل اور فلسطینی گروپوں کے بیچ قیدیوں کے تبادلے سے متعلق مذاکرات کے دوبارہ آغاز کے لیے کوششیں کر رہا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ مصر 12 ماہ کی غیر مشروط طویل بحالی امن پر کام کرے گا۔ مزید یہ کہ قاہرہ غزہ کے محاصرے میں نرمی کے لیے ابتدائی سمجھوتے تک پہنچ گیا ہے۔ واضح رہے کہ مصر نے غزہ کی پٹی جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب 2 بجے سے “متبادل اور بیک وقت” فائر بندی کا اعلان کیا تھا۔ فلسطینی گروپوں کے مطابق وہ غزہ کی پٹی میں اعلان کردہ فائر بندی کی پاسداری کریں گے۔