Several arrested in two anti drug operation in J&K

سرینگر: (اے یو ایس )شمالی کشمیر میں جموں وکشمیر پولیس کی منشیات مخالف کارروائیاں جاری ہیں۔ آئے روز شمالی کشمیر میں کسی نہ کسی جگہ سے کسی نہ کسی منشیات اسمگلر کی گرفتاری کی خبر موصول ہوتی ہے۔ منشیات فروشوں کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے مختلف ناکے لگائے جاتے ہیں۔ اس کڑی کے تحت شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے پٹن میں جموں وکشمیر پولیس نے زنگم پٹن کے مقام پر ایک ناکے کے دوران دو چرس اسمگلروں کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق زنگم میں سرینگر بارہمولہ نیشنل ہائی وے پر ناکے کے پر دو لوگوں نے مشکوک حالت میں ناکے سے فرار ہونے کی کوشش کی جس کو دیکھتے ہوئے پولیس نے بر وقت کاروائی کرتے ہوئے دونوں چرس اسمگلروں کو دبوچ لیا۔تلاشی کے دوران دونوں کے قبضے سے کافی مقدار میں چرس برآمد ہوا۔دونوں چرس اسمگلروں کی شناخت کریری سے تعلق رکھنے والے محمد اکرم اور خورشید احمد کے طور پر ہوئی۔

دونوں کے خلاف کیس درج کرکے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا۔ یہ چرس اسمگلر سرینگر سے بارہمولہ کی جانب جا رہے تھے۔یہ چرس اسمگلر نوجوانوں کو منشیات کی جانب راغب کررہے تھے۔رواں مہینے میں پٹن پولیس کی چوتھی کاروائی ہے۔جس میں منشیات اسمگلروں کی گرفتاری عمل میں آئی۔ایس ڈی پی او پٹن ظفر مہدی نے بتایا کہ منشیات مخالف کاروائیاں ان کا روزانہ بنیادوں پر جاری مہم ہے اس لت سے جب تک نہ وہ علاقے کو صاف وپاک کریں گے تب تک وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے۔منشیات کے خلاف جاری مہم پر مقامی لوگ پولیس کی ستائش کررہے ہیں۔عرفان احمد نامی ایک سماجی کارکن نے بتایا کہ پولیس کی اس مہم پر وہ ان کی داد دیتے ہیں۔ادھر پولیس کا ایک تفتیشی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے۔پٹن قتل کیس معاملے میں یہ تفتیشی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد دو پولیس اہلکاروں کو معطل کیاگیا۔