نئی دہلی:جمیعت علماہند کی قومی مجلس عاملہ کا اہم اجلا س اس کے صدر دفتر نئی دہلی میں واقع مدنی ہال میں حضرت مولانا رحمت اللہ صاحب کشمیری رکن شوری دارالعلوم دیوبندکے زیر صدارت شروع ہوا، اجلاس میں سابقہ کارروائی کی خواندگی اورامیر الہند حضرت مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری نوراللہ مرقدہ کے وصال پر تجویز تعزیت اور ایصال ثواب کے بعد جمعیة علما ہند کی صدارت کے خالی عہدے کو پر کرنے پر غور و خوض ہوا۔
چنانچہ تمام ارکان کے اتفاق سے مولانا محمود مدنی کو جمعیة علماہند کا عارضی صدر منتخب کر لیاگیا۔ مولانا محمود کے انتخاب کا اعلان صدر اجلاس مولانا رحمت اللہ کشمیر ی نے کیا۔اس کے بعد آگے کی کارروائی نو منتخب صدرکے زیر صدارت مکمل ہوئی۔مولانا مدنی کے صدر منتخب ہونے کی وجہ سے چوں کہ ناظم عمومی کا منصب خالی ہو گیا، اس لیے ناظم عمومی کے لیے عارضی طور پر مولانا حکیم الدین قاسمی کا نام تجویز کیا گیا جسے اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا ۔
