مسقط:: (اے یو ایس)سلطنت عمان کے صوبے البریمی میں پولیس نے تشدد اور آتشزنی کے الزام میں 13 افراد کو حراست میں لینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ افراد ہنگامہ آ رائی اور املاک عامہ کو آگ لگانے کے واقعات میں ملوث ہیں۔پولیس کے مطابق حکام ان افراد کے خلاف مطلوبہ قانونی اقدامات کریں گے۔گذشتہ روز بھی کئی افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔ یہ لوگ راستے بند کرنے، ٹرانسپورٹ کی سواریوں پر قبضہ کر لینے۔ راہ گیروں پر حملے کرنے اور دکانوں سمیت سرکاری و نجی املاک کو برباد کرنے جیسی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان میں بعض افراد نے دکانوں پر دھاوا بول کر ان میں آگ بھڑکا دی۔
حالیہ واقعات سے قبل سلطنت عمان میں محدود مظاہروں کے دوران میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے مطالبات سامنے آئے تھے۔ادھر حکام کئی منصوبوں پر عمل درامد کا اعلان کر چکی ہے جن کا مقصد رواں سال کے دوران میں ملازمتوں کے 32 ہزار سے زیادہ مواقع پیدا کرنا ہے۔اسی طرح عمان کے سلطان ہیثم بن طارق نے بدھ کے روز ہدایت جاری کی تھی کہ سرکاری سیکٹر میں 2000 ملازمتیں فراہم کی جائیں۔ یہ بات سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بتائی۔ادھر وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ اس نے کل جمعرات سے ملازمتوں کی تلاش کرنے والوں سے درخواستیں وصول کرنا شروع کر دی ہیں۔
