ریاض: (اے یو ایس)سعودی عرب کے ساحلی شہرالجبیل میں فنطیر ساحل سمندر کے نزدیک بحیرہ عرب میں دوکشتیاں آپس میں ٹکرا گئی ہیں جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
سعودی عرب کی نظامت عامہ برائے بارڈر گارڈ کے ترجمان نے جمعرات کو مشرقی صوبہ میں واقع الجبیل میں اس حادثے کی اطلاع دی ہے اور بتایا ہے کہ الدمام میں سرچ اور ریسکیو رابطہ مرکز کو منگل کے روز بحیرہ عرب کی الفنطیر بیچ میں دوکشتیوں میں تصادم کی اطلاع ملی تھی۔
ان دونوں کشتیوں پر پکنک منانے کے لیے ساحل سمندر پر آنے والے افراد سوار تھے۔انھوں نے بتایا ہے کہ زخمیوں کو طبّی امداد کے لیے اسپتال میں منتقل کردیا گیا تھا۔ترجمان نے ساحل کنارے سیر کے لیے جانے والے سیاحوں اور کشتی مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ تحفظ کے لیے رہ نما ہدایات کی مکمل پاسداری کریں۔
