Yaas cyclone impact: 18 east UP districts on alert

لکھنؤ: اتر پردیش کے کئی اضلاع میں جمعرات کی شام سے ہی طوفان یاس کا اثر نظر آرہا ہے۔ مشرقی یو پی کے کئی اضلاع میں ہفتے کی صبح سے ہی موسم کا مزاج بدلا ہوا ہے۔ تاہم محکمہ موسمیات کے اندازوں کے مطابق اب اس کا اثر بہت کم ہوا ہے۔ بہر حال 2 جون تک ریاست میں موسم کا مزاج بدلا بدلا رہے گا۔ مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ ہلکی بارش اور ہواؤں کی نقل و حرکت چار پانچ دن تک جاری رہنے والی ہے۔

تاہم مغربی یوپی کے اضلاع میں اس کا اثر نہ کے برابر دیکھنے کو ملا ہے۔سیتا پور سے موصول اطلاع کے مطابق کورونا کی وبا کے بیچ طوفان یاس کا اثر اتر پردیش میں بھی دیکھا جارہا ہے۔ تازہ ترین معاملہ سیتا پور کے کملا پور پولیس اسٹیشن کے علاقے میں جمعہ کی رات دیر گئے سامنے آیا ہے۔ جہاں زبردست طوفان کی وجہ سے شادی کا پنڈال اکھڑ گیا اور لوہے کی پائپ اوپر سے گذرنے والی ہائی ٹینشن لائن کے رابطے میں آگئی۔ جس کی وجہ سے کرنٹ پائپ میں اتر گیا اور اس کی لپیٹ میں آکر 4 افراد ہلاک ہوگئے۔

اسی دوران ، چار دیگر افراد شدید طور پر جھلس گئے۔ سب کا علاج ضلعی اسپتال میں جاری ہے۔ حالت تشویشناک ہے۔ المناک حادثے کے بعد جاں بحق افراد کے اہل خانہ میں کہرام مچا ہوا ہے۔ یہ حادثہ اس وقت ہوا جب ایک شادی کی تقریب چل رہی تھی۔