Population of Saudi Arabia crosses 3.5 crore

ریاض: (اے یو ایس )سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے شماریات کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سال 2020 کی پہلی ششماہی کے آخر تک مملکت کی آبادی تین کروڑ 50 لاکھ کی سطح سے تجاوز کرگئی ہے۔ رپورٹ میں سعودی عرب کی مقامی اور مقیم افراد کی تعداد کو الگ الگ ظاہر نہیں کیا گیا۔ رپورٹوں میں 2018 کے بعد سے غیر ملکیوں کی تعداد ظاہر نہیں ہوسکی ہے۔

تین سال قبل سعودی عرب میں غیرملکیوں کی تعداد ایک کروڑ 26 لاکھ سے زیادہ ہے جو کہ کل آبادی کا 38 فی صد بنتی ہے۔سوموار کے روز جاری ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سال 2016 کی مردم شماری کے نتائج کی بنیاد پر وسط سال 2020 تک 40 سال سے کم افراد کی تعداد 2 کروڑ41لاکھ 88ہزار 384 تک پہنچ گئی ہے جو کہ کل آبادی کا مجموعی طور پر 69.1 فی صد ہے۔ سال 2019 کے وسط کے مقابلے میں اس میں پانچ لاکھ 23ہزار،429 افراد کا اضافہ ہوا۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ سعودی عرب میں ایک بڑی تعداد نوجوانوں پر مشتمل ہے۔

رپورٹ کے اعدادوشمار کے مطابق 15 سال سے کم عمر کے افراد کی تعداد میںایک لاکھ66 ہزار530 کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔پندرہ سے 34 سال کی عمر کے افراد کی تعداد میں 2,55,501 کا اضافہ ہوا جس کے بعد اس عمر کے افراد کی مجموعی تعداد سال 2020 کے دوران 11,823,262 ہوگئی۔ جو کہ کل آبادی کا 38 فی صد ہے۔