PM Modi hails Indian scientists for developing vaccine against Covid

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے سی ایس آئی آر سوسائٹی کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کورونا وبا سے درپیش چیلنجز اور اس سے مقابلہ کے لیے سائنسدانوں کی خدمات کی ستائش کی۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی رفتار دھیمی ہوئی ہے اور اس سے مقابلہ جاری ہے۔انسانیت کو جب بڑے چیلنج کا سامنا ہوا سائنس نے بہتر راستے تلاش کیے۔کم وقت میں سائنسدانوں نے ویکسین تیار کی۔اس غیر معمولی کام کے لیے سائنسدانوں کو پورے ملک کی جانب سے مبارکبادی۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ کورونا کی وبا پچھلے 100 سالوں کا سب سے بڑا چیلنج بن کر دنیا کے سامنے آ ئی ہے۔ اور انسانیت کو اس تباہی سے بچانے کے لیے ایک سال میں ویکسین تیار کر لینے کا اتنا بڑا کام شاید تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے۔

مودی نے اپنے خطاب یہ بھی کہا کہ ہمارے سائنس دانوں نے ایک سال میں ہی ‘میڈ اِن انڈیا’ کورونا ویکسین تیار کی اور اسے شہریوں کو دستیاب کرادیا۔ ایک سال کے اندر ملک کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کٹ اور ضروری سامان کے حوالے سے خود انحصار ہوگیا۔ اتنے کم وقت میں ، ہمارے سائنسدانوں نے نئی دوائیں دریافت کیں اور آکسیجن کی پیداوار بڑھانے کے طریقے ڈھونڈ لیے۔