Israel's Defense Minister Benny Gantz in Washington

واشنگٹن: (ا ے یوایس) اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹز نے اپنے امریکی ہم منصب لائیڈ اوسٹن کے ساتھ ملاقات میں واشنگٹن اور تل ابیب کو درپیش مشترکہ چیلنجوں بالخصوص ایران کے حوالے سے بات چیت کی۔ انہوں نے تہران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کی ضرورت پر زور دیا۔

واشنگٹن میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران میں لائیڈ اوسٹن نے باور کرایا کہ امریکا علاقائی خطرات کے خلاف اسرائیل کے اپنے دفاع کے حق کی حمایت کرتا ہے۔اوسٹن کا کہنا تھا کہ میں یہ بات دہرانا چاہتا ہوں کہ امریکی انتظامیہ اسرائیل کی سلامتی کے حوالے سے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اسرائیل کی منفرد عسکری برتری برقرار رکھنے اور علاقائی خطرات کے خلاف اسرائیل کے اپنے دفاع کی قدرت کو یقینی بنانے پر کاربند ہیں۔امریکی وزیر دفاع نے خطرات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ان خطرات میں ایران، اس کے ایجنٹ اور دہشت گرد جماعتیں شامل ہیں۔