At least 14 killed, over 245,000 affected by heavy rains in Sri Lanka

کولمبو: سری لنکا میں دو دن سے جاری موسلا دھار بارشوں اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے سیلاب کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد 14 ہو گئی۔ذرائع کے مطابق سری لنکا کے 5 اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، موسلا دھار بارشوں سے ڈیم میں سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی اور پانی رہائشی علاقے میں داخل ہوگیا۔ سیلابی ریلے نے اپنے راستے میں آنے والی ہر چیز کو تہس نہس کر دیا۔

سری لنکا کے نیشنل ڈیزازٹر منیجمنٹ سینٹر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔جب کہ ریسکیو ادارے کے غوطہ خوروں نے 66 افراد کو ڈوبنے سے بچالیا تاہم 5 افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ زیادہ تر ہلاکتیں مٹی کا تودہ گرنے کے باعث ہوئیں۔

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے سے ذرائع آمد و رفت معطل ہوکر رہ گئیں۔ بارش اور سیلاب سے 2 لاکھ 45 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے جب کہ علاقے میں بجلی بھی منقطع ہے۔جو14افراد ہلاک ہوئے ہیں ان میں سے پانچ کولمبو سے 88کلومیٹر کی دوری پر واقع کیگالے میں اور تین رتنا پور ضلع میں ہلاک ہوئے۔15658افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ان بارشوں اور اس کے نتیجے میں آنے والے سیلاب سے تقریباً800مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔