Canadian PM Trudo attends condolence meeting held in memory of killed Pakistan family

اوٹاوا:(اے یو ایس)کناڈا میں ٹرک سے کچل کر قتل کیے جانے والے پاکستانی خاندان کی یاد میں اونٹاریو میں مسجد کے باہر ہزاروں افراد کا اجتماع ہوا جس میں وزیراعظم ٹروڈو نے بھی شرکت کی۔پاکستان سے 14 برس قبل ہجرت کر کے کناڈاا منتقل ہونے والے خاندان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اونٹاریو کی لندن مسلم مسجد کے باہر ہزاروں کی تعداد میں ہر رنگ ، نسل اور مذہب کے افراد شامل تھے۔مسجد کے باہر منعقد تعزیتی تقریب میں وزیراعظم ٹروڈو اور اپوزیشن لیڈروں نے پہلی بارایک ساتھ شرکت کی۔

تعزیتی تقریب میں جاں بحق ہونے والے فزیوتھراپسٹ سلمان، ان کی والدہ، اہلیہ مدیحہ اور بیٹی یمنیٰ کی موت پر ہر شخص اداس نظر آیا اور بیٹے فیض کی صحت یابی کے لیے لوگوں نے دعا کی۔کناڈیائی پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ ٹرک سے پاکستانی گھرانے کو روندا جانا انتہائی افسوسناک واقعہ ہے۔

سوشل میڈیا پر جسٹن ٹروڈو نے تقریب میں شرکت کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ان لوگوں کے لیے جو افضال گھرانے کو جانتے ہیں، اس معصوم جان کے لیے زندہ بچ گیا ہے، لندن میں اور کناڈا میں موجود لوگوں کیلئے جو اس واقعے پر غمگین ہیں اور ہر ایک کے لیے جو افسردہ ، برہم اورخوفزدہ ہے، یاد رکھیں کہ آپ تنہا نہیں ہیں، ملک بھر میں موجود لوگ آپ کے غم میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔کناڈیائی وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے واقعہ کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطرات کا شکار کمیونیٹیز کا تحفظ کیا جائے گا اور منافرت کا مقابلہ کریں گے۔