Bus overturns in Balochistan 20 pilgrims killed

اسلام آباد:(اے یو ایس)پاکستان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان میں زائرین کو لے جانے والی ایک بس کے حادثے میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہو گئے۔ حکام کے مطابق اس حادثے کی وجہ تیز رفتاری تھی۔ پولیس کے مطابق اس حادثے میں تقریباً 50 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ایک مقامی پولیس افسر حفیظ اللہ مینگل کے مطابق امدادی اداروں نے لاشوں اور زخمیوں کو ایک قریبی ہسپتال میں منتقل کر دیا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ یہ بس ایک شاہراہ پر تیزرفتار سے جارہی تھی کہ اچانک پلٹ کر ایک گڑھے میں جا گری۔ایک مقامی افسر حفیظ اللہ مینگل نے بتایا کہ یہ سانحہ جمعہ کو صبح صادق کے وقت اس وقت پیش آیا جب یہ بس بلوچستان کے دور دراز علاقہ میں واقع ضلع خصدار سے گذر رہی تھی۔