Thirteen districts fall to Taliban in 24 hours: Sources

کابل: افغانستان میں طالبان کی پیش قدمی بڑھتی جا رہی ہے اور انہوںنے گذشتہ24گھنٹے کے دوران مزید13اضلاع پر قبضہ کر لیا جن میں سے 11اضلاع شمال مشرقی افغانستان کے اور مشرق و جنوبی افغانستان کا ایک ایک ضلع ہے۔

طالبان نے جن اضلاع پر قبضہ کیا ہے وہ بدخشاں کے کشم، درایم، تگاب، وردوج، شہر بزرگ،راغستان ، جورم اور یافتال ہیں،تخار صوبہ میں کلفگان اور فرخار، پکٹیا میں زرموت ضلع اور جنوبی صوبہ قندھار میں شاہ ولی کوٹ ڈسٹرکٹ ہے۔بدخشاں میں مزید تین اضلاع یغمان،ارغنج کواہ اور خش پر حال ہی میں طالبان نے قبضہ کیا تھا۔

بدخشاں صوبہ کے مرکز فیض آباد شہر کے کچھ رہائشیوں کا کہنا ہے کہ طالبان اور سلامتی دستوں کے درمیان جنگ شہر کے قریب تک پہنچ چکی ہے جس سے باشندگان شہر کو اپنی سلامتی کا خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔فیض آباد کی تشویشناک صورت حال کے درمیان بدخشان کے پولس سرباہ خلیل الرحمٰن جواد کوویڈ 19-کی تشخیص ہونے کے بعد علاج کے لیے کابل بھیج دیے گئے ۔