Aamir Khan, Kiran Rao share video message for fans after divorce announcement: 'Please pray for our happiness'

نئی دہلی: ہندی سنیما کے معروف اداکار عامر خان اور فلمساز کرن راؤ نے 3 جولائی کو طلاق کی تصدیق کے بعد ایک ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے رشتے میں تبدیلی آئی ہے لیکن ہم ایک دوسرے کے ساتھ ہی ہیں۔خیال رہے کہ عامر خان اور ان کی اہلیہ کرن راوکی جانب سے 3 جولائی کو طلاق کی تصدیق کیے جانے کے بعد ان کے مداح پریشان نظر آئے جبکہ طلاق کی وجوہات پر کچھ چہ میگوئیاں بھی کی جارہی ہیں۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ایک پاپا رازی اکاؤنٹ کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں عامر خان اور کرن راؤ کو ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔اپنے مداحوں کے نام جاری کیے گئے پیغام میں عامر خان نے کہا کہ ‘تو آپ لوگوں کو دکھ بھی ہوا ہوگا، اچھا نہیں لگا ہوگا، دھچکا لگا ہوگا’۔عامر خان نے کہا کہ ‘ہم بس آپ سے یہ کہنا چاہتے ہیں کہ ہم دونوں بہت خوش ہیں اور ہم ایک ہی خاندان ہیں’۔بالی وڈ سپر اسٹار نے کہا کہ ہمارے رشتے میں بدلاؤ آیا ہے لیکن ہم لوگ ایک دوسرے کے ساتھ ہی ہیں تو آپ لوگ ایسا کبھی مت سوچیے گا۔عامر خان نے یہ بھی کہا کہ وہ اور کرن راؤ اپنی فلاحی تنظیم پانی فاؤنڈیشن کو اپنا بچہ سمجھتے ہیں۔

ویڈیو میں عامر خان نے مزید کہا کہ ‘اور پانی فاؤنڈیشن ہمارے لیے آزاد کی طرح ہے، جیسے آزاد ہمارا بچہ ہے ویسے ہی پانی فاؤنڈیشن، تو ہم لوگ ہمیشہ فیملی کی طرح رہیں گے’۔عامر خان نے کہا کہ ہم لوگوں کو بس یہی کہنا تھا کہ آپ لوگ ہمارے لیے دعا کریں کہ ہم خوش رہیں۔خیال رہے کہ عامر خان اور کرن راو¿ نے 3 جولائی کو میڈیا کو جاری کیے گئے مختصر بیان میں طلاق ہوجانے کی تصدیق کی تھی۔میڈیا کو جاری کیے گئے مختصر بیان میں طلاق کی تصدیق کرتے ہوئے اپنے 20 سالہ ساتھ کو خوبصورت رشتے کا نام دیا تھا اور بتایا تھا کہ اب دونوں میاں اور بیوی کے طور پر ساتھ نہیں رہیں گے بلکہ وہ ایک بیٹے کی پرورش کے لیے مشترکہ والدین کے طور پر ساتھ رہیں گے۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ دونوں نے 20 سال تک ایک دوسرے کی عزت کی اور 15 سال تک ان کا رشتہ میاں اور بیوی کے طور پر رہا مگر اب دونوں کے نئے رشتے اور تعلق کا آغاز ہوگا۔کرن راو¿سے قبل عامر خان نے کیریئر کے آغاز میں 1986 میں ہی اداکارہ رینا دتا سے شادی کی تھی مگر ان کی پہلی شادی بھی 16 سال بعد 2002 میں طلاق پر ختم ہوئی تھی۔پہلی شادی سے عامر خان کے دو بچے ہیں، ان کی بیٹی کا نام ارا خان اور بیٹے کا نام جنید خان ہے ۔عامر خان کی پہلی شادی ختم ہونے کے بعد ہی ان کے تعلقات کرن راو¿سے استوار ہوگئے تھے، جس کے بعد دونوں نے 2005 میں شادی کی تھی اور ان کے 10 سالہ بیٹے کا نام آزاد خان ہے۔