More than 68 people killed by lightning in UP, MP and Rajasthan

لکھنؤ:(اے یوایس) اتر پردیش ، مدھیہ پردیش اور راجستھان میں بجلی گرنے سے 68 سے زائد افراد کی موت ہو گئی ۔ اکیلے اتر پردیش میں الگ الگ اضلاع میں بجلی گرنے سے 41 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

اتر پردیش حکومت کے مطابق اکیلے پریاگ راج یعنی الہ آباد میں سب سے زیادہ 14 افراد کے بجلی گرنے سے موت ہو گئی ہے، کانپور دیہات اور فتحپور میں پانچ پانچ افراد کی موت ہو ئی ہے، کوشامبی میں چار افراد، فیروز آباد میں تین افراد، اناؤ اور حمیر پور میں دو دو افراد، کانپور شہر، ہردوئی و مرزا پور میں ایک ایک فرد کی موت ہوئی ہے۔ادھر راجستھان میں بجلی گرنے سے 20 افراد کی موت ہو گئی ہے۔

اتوار کو آسمانی بجلی گرنے سے جے پور میں 11، دھولپور میں تین، کوٹا میں چار، جھالاواڑ میں ایک اور باراں میں ایک فرد کی موت ہوئی ہے۔ راجستھان حکومت نے مرنے والے کے اہل خانہ کو پانچ لاکھ روپے کا معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

راجستھان کے آمیر محل کے واچ ٹاور میں زیادہ تر نوجوان قلعہ کے پاس ایک پہاڑی پر موسم کے مزہ لے رہے تھے۔ ان میں سے کچھ لوگ سیلفی لے رہے تھے۔ شام کے وقت وہاں آسمانی بجلی گری اور کئی لوگ وہیں گر گئے۔ وہیں مدھیہ پردیش میں بجلی گرنے سے سات افراد کے مرنے کی خبر ہے۔