چنئی :(اے یوایس)سیاست میں دوبارہ داخلے کی تمام قیاس آرائیوں کا قلع قمع کرتے ہوئےمعروف اداکار رجنی کانت نے پیر کے روز رجنی مکل منڈرم(آرایم ایم)تنظیم کو تحلیل کردیا ہے۔ آرایم ایم کو تحلیل کرنے کے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے سپراسٹار نے کہا کہ تنظیم شائقین کیلئے فلاحی تنظیم کے طور پر کام کرتے رہے گی ۔ آر ایم ایم عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ کے بعد رجنی کانت نے کہا کہ ہماری توقع موجودہ صورتحال کی وجہ سے پوری نہیں ہوپارہی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ آرایم ایم کو ختم کردیا گیا ہے اورعہدیداران پہلے کی طرح رجنی کانت پرستار فورم (رجنی کانت راسگر نرپانی منڈرم)کے تحت کام کرتے رہیں گے جس کا مقصد لوگوں کی فلاح وبہبود کیلئے سرگرمیاں انجام دینا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سال یہ اعلان کرنے کے بعد وہ سیاست میں حصہ نہیں لیں گے، یہ وضاحت ضروری تھی کہ منڈرم کا اسٹیٹس کیا ہے ۔ اداکار رجنی کانت کچھ دن قبل امریکہ میں صحت کی جانچ پڑتال کے بعد واپس آئے ہیں۔
واضح رہے کہ رجنی کانت نے 29دسمبر 2020 کو اعلان کیا تھا کہ وہ سیاست میں نہیں آئیں گے لیکن حال ہی میں انہوں نے کہاتھا کہ وہ سیاست میں آنے کے بارے میں دوبارہ بات چیت کریں گے۔ لیکن اب انہوں نے آخرکار سبھی طرح کی قیاس آرائیوں پر لگام لگادی ہے۔ رجنی کانت کے دوبارہ سیاست میں آنے کی بحث کے درمیان تمل ناڈو کی سیاست میں ہلچل ہونے لگی تھی۔
رجنی کانت نے خود کہاتھا کہ وہ جنوری 2021 میں پارٹی لانچ کریں گے۔ یہ سب تمل ناڈو میں اسمبلی چناؤ سے پہلے ہونا تھا۔ لیکن دسمبر کے آخری ہفتے میں رجنی کانت نے یوٹرن لیا اور کہاکہ وہ سیاست میں شامل نہیں ہوں گے۔ اس کے بعد رجنی کانت کی تنظیم کے کئی اراکین نے ڈی ایم کے سمیت دیگر پارٹیوں کو جوائن کرلیا تھا۔
