Mumbai rains: 31 Dead, CM Uddhav sounds orange alert for next 5 days

ممبئی:(اے یو ایس) عروس البلاد ممبئی میں ہفتہ کی رات گئے مسلسل ہونے والی بارش کے دوران چٹانیں کھسکنے اور مکانات و دیوار گرنے کے واقعات کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 25 سے تجاوز کر چکی ہے شہر کے مضافاتی علاقوں چمبور اور وکرولی کے علاقوں میں راحت رسانی کا کام جاری ہے وزیراعظم نریندر مودی نے مہلوکین کے ورثاءکو 2-2لاکھ اور وزیراعلی ادھو ٹھاکرے نے 5-5لاکھ روپیے اور زخمیوں کو 50-50 ہزار روپیے دینے کا اعلان کیا ہے۔ریاستی سرکار نے مفت علاج کابھی اعلان کیا ہے۔ممبئی فائر بریگیڈ کے مطابق نے کہاکہ لینڈ سلائیڈنگ کے بعد پہاڑی پر واقع ایک دیوار کچھ مکانات پر گر گئی، جس کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک ہو گئے۔ افسر نے بتایا کہ ممبئی کے بھارت نگر علاقہ کی دیوار رات کے ایک بجے منہدم ہوئی۔ اس واقعہ میں سات افراد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں قریبی راجہ واڑی اسپتال پہنچایا گیاہے۔ایک دوسرے حادثہ میں ممبئی کے مشرقی مضافات وکرولی نامی علاقے میں بارش کے بعد رات ڈھائی بجے ہونے والے حادثہ کے سبب 7 جھونپڑی مکین ہلاک ہو گئے۔ اس واقعہ میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں قریبی اسپتال بھیج دیا گیا۔

مضافاتی بھانڈوپ علاقہ میں بھی محکمہ جنگلات کے احاطے کی دیوار گرنے کی وجہ سے ایک 16 سالہ لڑکے کی موت ہو گئی۔ممبئی میں چند روز سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور رات دیر گئے بھاری بارشوں کے درمیان معمولات زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئی ہے اور ویسٹرن اور سینٹرل ریلویز کی مضافاتی ٹرین خدمات اور ان کی آمدورفت میں بھی خلل پڑا ہے۔ حکام کے مطابق دونوں مغربی ریلوے اور وسطی ریلوے نے شدید بارش کے بعد ممبئی میں مضافاتی ٹرین خدمات کو مختصر وقت کے لئے معطل کر دیا ہے اور متعدد طویل مسافت والی ٹرینوں کو یا تو منسوخ کر دیا ہے یا ان کے اوقات تبدیل کر دیئے ہیں۔چند ٹرینوں کو کلیان،تھانے اور دیگر مقامات پر ختم کردیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے شدید بارش کے پیش نظر ممبئی کے لئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔

محکمہ کے علی الصبح جاری کئے گئے ایک اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ موسمی حالات میں اچانک تبدیلی ہونے کے بعد ممبئی میں 6 گھنٹوں کے دوران 100 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی۔ اس کے بعد شہر کے لئے جاری کئے گئے آرینج الرٹ کو ریڈ الرٹ سے تبدیل کر دیا گیا۔ اتوار کی صبح 6.30 بجے تک ممبئی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں پچھلے 12 گھنٹوں کے دوران 120 ملی میٹر سے زیادہ بارش درج کی گئی ہے۔جبکہ ممبئی میں چند مقامات پر بھاری سے بہت بھاری بارش ہونے کا امکان ہے اور یہاں 24 گھنٹوں میں 204.5 ملی میٹر سے زیادہ بارش درج کی جا سکتی ہے۔ صبح جاری کردہ بلیٹن میں کہا گیا کہ شہر کے سانتا کروز میں 213 ملی میٹر، باندرہ میں 197.5 ملی میٹر اور شہری علاقہ قلابہ میں 174 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ممبئی مضافات کے نگراں وزیر ادیتیہ ٹھاکرے نے واشی ناکہ بھارت نگر کادورہ کیا ہے۔اور راحتی کاموں کاجائزہ لیا ہے۔