At least 89 extremists killed in Northern Sinai: Egypt army claims

قاہرہ : ( اے یو ایس )مصری فوج نے شمالی جزیرہ نمائے سینا میں آپریشن کے دوران 89 انتہائی خطرناک تکفیری عناصر کو ہلاک کرنے کا اعلان کیا ہے۔مصری مسلح افواج کی جنرل کمانڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مسلح افواج کی طرف سے ریاست کی تمام اسٹریٹجک سمتوں پر دہشت گرد عناصر کا تعاقب اور شکست دینے کی مہم کے دوران مسلح افواج کے ہیرو دہشت گرد عناصر کو پے در پے حملوں میں ہلاک کرنے میں کامیاب ہوئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جزیرہ نما ئے سینا میں متعدد مخصوص کارروائیوں کے نفاذ کے نتیجے میں 89 انتہائی خطرناک تکفیری عناصر کو ہلاک کیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن کے علاقوں میں مسلح افواج کے 8 ارکان ہلاک یا زخمی ہوئے۔آپریشن کے دوران 73 خودکار رائفلیں ، 140 میگزین ، 5،606 ملٹی کیلیبر گولیاں ، 34 وائرلیس ڈیوائسز اور ایک کیمرہ اور ایک نائٹ ویڑن ڈیوائس سے لیس ڈرون ،ایک لیپ ٹاپ کمپیوٹر ، متعدد موبائل فون اور نقدی قبضے میں لی گئی۔

آپریشن کے دوران عسکریت پسندوں کے قبضے سے 404 دھماکہ خیز آلات اور 59 موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی گئیں۔تکفیری عناصر کی جانب سے دہشت گرد کارروائیوں میں استعمال ہونے والی 52 گاڑیاں تباہ کردی گئیں۔