Taliban restores Nishan sahib at Afghan gurdwara, claim activists

نئی دہلی:افغانستان کے پکتیا صوبے میں گوردوارہ تھالا صاحب کی چھت سے مقدس نشان صاحب کو ہٹانے کی ہندوستان سمیت پوری بین الاقوامی برادری کی جانب سے زبردست مذمت کیے جانے کے بعد طالبان نے اسے واپس اسی جگہ نصب کر دیا ۔انڈین ورلڈ پونیت فورم کے صدر نے اس کی اطلاع دی کہ مقامی کئیر ٹیکر رحمٰن چمکانی نے اطالع دی ہے کہ نشان صاحب واپس اسی جگہ نصب کر دیا گیا۔

قبل ازیں ہندوستانی سرکاری ذرائع نے کہا کہ ہم نے افغانستان کے صوبہ پکتیا کے چمکانی گوردوارہ تھلا صاحب کی چھت سے سکھوں کے مذہبی نشان صاحب کو ہٹانے کے بارے میں میڈیا رپورٹس دیکھی ہیں۔ ذرائع نے کہا ، ہندوستان اس کی مذمت کرتا ہے اور ملک کے اس پختہ یقین کا اعادہ کرتا ہے کہ افغانستان کا مستقبل ایسا ہونا چاہیے جہاں افغان معاشرے کے تمام طبقات بشمول اقلیتی برادریوں اور خواتین کے مفادات محفوظ ہوں۔یکم مئی کو افغانستان سے امریکی فوجیوں کے انخلا کے بعد سے ، طالبان وسیع پیمانے پر تشدد کے ساتھ ملک بھر میں پیش قدمی کر رہے ہیں۔

امریکہ پہلے ہی اپنی بیشتر سیکورٹی فورسز کو واپس بلا چکا ہے اور 31 اگست تک انخلا مکمل کرنا چاہتا ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے جمعرات کو کہا تھا کہ ہندوستان افغانستان میں سکیورٹی کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور فوری اور جامع جنگ بندی کا مطالبہ کر تارہا ہے۔