Independence Day celebrated with pomp and gaiety

نئی دہلی: ملک بھرمیں یوم آزادی (15اگست) زبردست جوش وخروش سے منایا گیا ،سرکاری دفاتر ،اسکول ،کالج مختلف مقامات پر پرچم کشائی کی گئی اور وطن عزیز کو انگریزوں کی غلامی سے آزاد کرانے والے جیالوں کا تزکرہ کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا ،ملک کی امن و سلامتی اور ترقی اتحاد و اتفاق کے لئے دعائیں کی گئیں۔ دہلی حکومت کی جانب سے آزادی کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر پٹپر گنج اسمبلی میں 115 فٹ اونچا ترنگا نصب کیا گیا تھا۔ اس موقع پر ، ان ڈاکٹروں نے جنہوں نے کورونا کی دوسری لہر کے دوران اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر لوگوں کی زندگیاں بچائیں ،ترنگا لہرایا۔

اس موقع پر پٹپر گنج کے ایم ایل اے اور دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا موجود تھے جنہوں نے ڈاکٹروں ، طبی عملے ، این جی او کے کارکنوں ، اساتذہ سمیت تقریبا 350 لوگوں کو انعامات سے نوازا۔ سسودیانے آزادی کی 75 ویں سالگرہ پر سب کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج ہم ایک آزاد ماحول میں رہ رہے ہیں کیونکہ ہمارے بہادر شہدا نے اس آزادی کے لیے اپنی جانیں دی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آزادی پسندوں نے ہمیں آزادی دی ، لیکن آزادی کے 75 ویں سال پر ، یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم آزادی کے 100 سال بعد ایک ترقی یافتہ ہندوستان کے خواب کو مضبوط کرنے کے لیے مل کر کام کریں۔

گذشتہ 9 مہینوں سے دہلی کی تین سرحدوں سنگھو بارڈر ، غازی پور بارڈر اور ٹکری بارڈر پر تینوں زرعی قوانین کی منسوخی کے لیے احتجاج کر رہے کسانوں نے بھی آزادی کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر دہلی سرحد پر ترنگا لہرایا گیا۔ ریٹائرڈ فوجیوں کی بڑی تعداد نے بھی سنگھو بارڈر پر پہنچ کر سلامی دی۔ کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی نے بھی 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر کانگریس ہیڈ کوارٹر پر ترنگا لہرایا۔ اس موقع پر راہل گاندھی سمیت کانگریس کے کئی سینئر لیڈر موجود ر تھے۔