Phillipine extends travel restrictions on 10 countries including India ,Pakistan

منیلا: (اے یوایس) فلپائن نے پاکستان اور ہندوستان سمیت 10 ممالک کے مسافروں پر اگست کے اواخر تک سفری پابندی میں توسیع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ فلپائن کے صدارتی ترجمان نے جمعے کو بتایا کہ ’یہ فیصلہ کورونا وائرس کی انتہائی معتدی قسم ڈیلٹا میں اضافے کے پیش نظر کیا گیا ہے۔‘فلپائن نے کورنا کیسز میں اضافے کے بعد 27 اپریل کو سفری پابندی عائد کی تھی اور اس میں مزید ممالک شامل کیے گئے تھے۔

ان میں پاکستان، بنگلہ دیش، سری لنکا، نیپال، متحدہ عرب امارات، عمان، تھائی لینڈ، ملائشیا اور انڈونیشیا شامل ہیں۔فلپائن میں حکام کورونا وائرس کے چاہ ماہ کے دوران سب سے زیادہ سامنے آنے والے کیسز پر قابو پانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’کورونا وائرس کی ٹاسک فورس نے سفری پابندیوں میں 16 اگست کے بجائے 31 اگست تک توسیع کی سفارش کی تھی جس کو صدر روڈریگو ڈیوٹریٹ نے منظور کردیا ہے۔

ملک کا دارالحکومت منیلا ریجن، جس کے 16 شہروں میں ایک کروڑ 30 لاکھ افراد رہائش پزیر ہیں، اب بھی لاک ڈاو¿ن کی زد میں ہے تاکہ ڈیلٹا ویریئنٹ پر قابو پایا جاسکے جبکہ حکومت نے ملک میں ویکسینیشن کا عمل تیز کردیا ہے۔فلپائن کی 11 کروڑ آبادی میں سے 11 فیصد افراد مکمل طور پر ویکسین شدہ ہیں۔واضح رہے کہ فلپائن میں اب تک کورونا وائرس سے 29 ہزار 50 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔کورونا کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے منیلا ریجن میں انتہائی نگہداشت یونٹوں، آئسولیشن بیڈز اور وارڈز میں مزید مریضوں کے لیے جگہ ختم ہورہی ہے۔