Pakistani plane lands in Kabul in first commercial flight since Taliban takeover

کابل:(اے یو ایس ) افغانستان میں طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد پہلی کمرشل پرواز کابل کے ہوائی اڈے پر اترگئی۔ اسلام آباد سے جانے والی پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کی پرواز پی کے6249 سقوط کابل کے بعد آنے والی پہلی کمرشل پرواز ہے۔

فلائٹ میں سوار فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے ایک صحافی کے مطابق “جہاز میں مسافر برائے نام موجود تھے جو بمشکل تمام نو دس رہے ہوں گے ۔ عملے کے افراد مسافروں سے زیادہ لگ رہے تھے۔”اس سے قبل پی آئی اے کے ترجمان نے ایک بیان میں بتایا تھا کہ کمپنی افغانستان میں معمول کی کمرشل سرگرمیاں بحال کرنے کے لئے تیار ہے مگر کابل سے پروازوں کی تعداد کے بارے میں ابھی کچھ کہنا ممکن نہیں ہے۔

افغانستان سے امریکی افواج اور تقریبا ایک لاکھ 20 ہزار افراد کے انخلا کے وقت کابل ائیرپورٹ کو شدید نقصان پہنچا تھا جسے طالبان حکومت نے قطر اور دیگر ممالک کے تعاون سے فعال کر نے میں کامیاب رہے ہیں۔اس سے قبل 3 ستمبر کو افغانستان کی ایک مقامی ائیرلائن اندرون ملک فلائٹس کا سلسلہ بحال کر چکی ہے۔