American Coalition: We will destroy any drone over Erbil Airport

بغداد :(اے یو ایس )عراقی کردستان میں اربیل کے ہوائی اڈے پر بین الاقوامی اتحاد کے کمانڈر اسکاٹ ڈیسورمو کا کہنا ہے کہ ان کی فورسز اربیل کے ہوائی اڈے کے اوپر پرواز کرنے والے کسی بھی ڈرون طیارے کو مار گرائیں گی خواہ وہ طیارہ حملہ آور ہو یا نہ ہو۔ڈیسورمو نے باور کرایا کہ رواں ماہ ستمبر کے آخر تک اربیل ہوائی اڈے پر اتحادی افواج کے اڈے کی حفاظت کے لیے دفاعی نظام نصب کر دیا جائے گا۔ہفتے کے روز اربیل کے ہوائی اڈے پر ہونے والے حملے کے بالواسطہ اثرات کا سلسلہ جاری ہے۔

امریکی قونصل خانے کی جانب سے واقعے کی شدید مذمت کے بعد بین الاقوامی اتحاد کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حملے میں کوئی شخص زخمی یا کوئی نقصان نہیں ہوا۔معلومات کے مطابق امریکی فورسز نے اربیل ہوائی اڈے پر حملہ کرنے والے دو ایرانی ڈرون طیاروں کو مار گرایا۔داعش تنظیم کے خلاف سرگرم بین الاقوامی اتحاد کے ترجمان وائن میروٹو نے ٹویٹر پر ایک بیان میں کہا کہ اس نوعیت کے حملوں نے شہریوں ، متعلقہ فورسز اور اتحادی افواج کو خطرے میں ڈال دیا۔

امریکی قونصل خانے نے ایک ٹویٹ میں زور دے کر کہا کہ یہ مسلسل حملے عراق کی خود مختاری اور استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔ ساتھ ہی باور کرایا گیا کہ ذمے داران کے تعین کے سلسلے میں کردستان کی سپورٹ کی جائے گی۔واضح رہے کہ اربیل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو رواں سال جولائی میں ایک ڈرون حملے کے ذریعے نشانہ بنایا گیا تھا۔ تاہم واقعے میں کوئی شخص زخمی اور کوئی نقصان نہیں ہوا۔