Coronavirus: restrictions in Lahore, Faisalabad, Gujrat, Sargodha and Bannu would remain till 22 September

اسلام آباد:(اے یو ایس ) پاکستان میں کورونا وبا کے نگراں ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے ملک میں کورونا سے متاثرہ چھ اضلاع لاہور،فیصل آباد، گجرات، سرگودھا اور بنوں میں 22 ستمبر تک کچھ تبدیلیوں کے ساتھ سخت پابندیاں برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ پنجاب کے پانچ اضلاع اور خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں 22 ستمبر تک پابندیاں برقرار رہیں گی۔انہوں نے کہا ہے کہ مذکورہ اضلاع میں انٹرسٹی ٹرانسپورٹ کو مکمل طور پر بند کیا گیا تھا لیکن اب اسے پچاس فی صد مسافروں کے ساتھ کھولنے کی اجازت ہو گی جب کہ تعلیمی اداروں کو پچاس فی صد گنجائش کے ساتھ 16 ستمبر سے دوبارہ کھولا جائے گا۔

اسد عمر کے مطابق آؤٹ ڈور ڈائننگ کے انتظامات رات 12 بجے تک اور ان ڈور ڈائننگ بند رہے گی جب کہ مکمل ویکسی نیشن والے افراد کے لیے تفریحی پارک کھول دیے جائیں گے۔علاوہ ازیں ملک بھر میں عائد کرونا پابندیوں میں 30 ستمبر تک توسیع کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

واضح ہو کہ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید دو ہزار 580 افراد متاثر ہوئے ہیں۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 47 ہزار 419 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے۔ کرونا کے یومیہ مثبت کیسز کی شرح پانچ اعشاریہ 44 فی صد ریکارڈ ہوئی ہے۔ملک میں کرونا سے مزید 78 مریض جان کی بازی ہار گئے ہیں جب کہ پانچ ہزار 304 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔