Jordan reopens main border with Syria

اردن:(اے یو ایس )اردن کے وزیر داخلہ مازن الفرایہ نے حکومت کے فیصلے کے بعد اردن اور شام کے درمیان سرحد (جابر سرحدی مرکز) کو دوبارہ کھول دینے کا اعلان کر دیا ۔وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ اس فیصلے کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی اور سیاحتی آمد و رفت کو فعال کرنا ہے۔ اس سلسلے میں مطلوبہ سیکورٹی اور طبی اقدامات کا خیال رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ عمّان اور دمشق یکم اکتوبر سے دونوں ملکوں کے درمیان فضائی آمد و رفت کے بھی دوبارہ آغاز کا اعلان کر چکے ہیں۔اردن کے حکام کے مطابق روئل جارڈینین ایئر لائنز تین اکتوبر سے شام کے لیے اپنے آپریشن کا آغاز کرے گی۔ یاد رہے کہ اردن کی فضائی کمپنی نے 2012 میں دمشق اور حلب کے لیے اپنی پروازیں معطل کر دی تھیں۔

فضائی پروازوں کی بحالی اور سرحد کے دوبارہ کھولے جانے سے متعلق فیصلے دونوں ملکوں کے حکام کے مابین سرکاری ملاقاتوں کا نتیجہ ہے۔ ان میں شامی وزیر دفاع کا اردن کا دورہ اور وہاں جوائنٹ چیف آف اسٹاف سے ملاقات اہم ترین ہے۔