Coronavirus: Schools in Pakistan reopen with 100 percent attendance

اسلام:(اے یو ایس )پاکستان میں کورونا وائرس کی روک تھام کے ذمے دار ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی ہدایت کے بعد ملک بھر میں اسکول سو فی صد حاضری کے ساتھ کھل گئے ہیں۔پاکستان میں کورونا وبا کی شرح میں کمی کے بعد اسکولز مکمل حاضری کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔اس سے قبل بعض اسکولز ایک دن کے ناغے کے ساتھ کھولے جا رہے تھے تاہم پیر سے معمول کے مطابق درس گاہوں میں تدریسی عمل بحال ہو گیا ہے۔

واضح ہو کہ گذشتہ کچھ روز سے پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں بتدریج کمی آ رہی ہے اور ملک میں 28 جون کے بعد کم ترین یومیہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گذشتہ روز مزید ایک ہزار چار افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

حکام کے مطابق گزشتہ روز 43 ہزار 389 افراد کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مثبت کیسز کی شرح دو اعشاریہ تین ایک فی صد رہی۔کورونا وائرس کی روک تھام کے ذمہ دار ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر این سی او سی نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے بتایا ہے کہ ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا کے شکار 28 مریض دم توڑ گئے ہیں اور 2473 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔