T20 World Cup: Shahid Afridi lauds PCB for recalling veteran Shoaib Malik into Pakistan squad

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے زخمی مڈل آرڈر بلے باز شعیب مقصود کی جگہ پاکستان کے سابق کپتان شعیب ملک کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ 17اکتوبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے شعیب ملک کی ٹیم میں شمولیت سے شعیب ملک کو چھٹا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کھیلنے کا اعزاز حاصل ہو جائے گا۔

آفریدی نے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں لکھا کہ یہ جان کر بہت خوشی ہوئی کہ شعیب ملک کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے واپس بلایا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک سینیئر اور تجربہ کار کھلاڑی کی حیثیت سے وہ پاکستان کے لیے کچھ بڑا کر سکتے ہیں۔میں شعیب ملک اور ٹی ٹونٹی اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں کے کے حق میں صدق دلی سے دست بہ دعا ہوں اور ان سے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

اپنا مورال بلند رکھیں اور اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاکر ٹیم اور ملک کا سر فخر سے بلند کریں۔ بورڈ سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس سال کے اوائل میں ایک گھریلو میچ کے دوران مقصود کی کمر میں جھٹکا آگیا تھا اور ان کی کمر کی تکلیف ابھی تک ختم نہیں ہوئی ہے جس کے باعث انہیں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔

چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا کہ مقصود کے ان فٹ ہونے کے باعث ہم نے شعیب ملک کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا اور مجھے یقین ہے کہ شعیب کا تجربہ پوری ٹیم کے حق میں سود مند ثابت ہوگا۔