Prominent Indian-origin cardiologist Dr Sugata Das killed in California plane crash

واشنگٹن:(اے یو ایس )امریکی ریاست کیلی فورنیا کے علاقے سان ڈیاگو میں معروف ہند نژاد ماہر امراض قلب کی ملکیت والا ایک چھوٹا طیارہ حادثہ کا شکار ہو گیا ۔جس میں 2 افراد بشمول ہندوستانی فزیشین ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے۔

ہندوستانی فزیشین کی شناخت ڈاکٹر سوگاتا داس کے طور پر کی گئی ہے ۔ڈاکٹر داس اریزونا میں یوما ریجنل میڈیکل سینٹر (وائی آر ایم سی) میں انٹروینشنل کارڈیولوجسٹ کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے۔وہ دو انجن والا سیسنا سی340طیارہ کے مالک تھے ۔اور خود ہی طیار ہ اڑاتے تھے۔لیکن اس بار اس کا علم نہیں ہو سکا کہ کیا حادثہ کے وقت وہی طیارہ اڑا رہے تھے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست کیلی فورنیا کے علاقے سان ڈیاگو میں ایک ہائی ا سکول کے قریب طیارہ گرنے سے دو گھر بھی مکمل طور پر تباہ ہو گئے جبکہ ایک گھر کو جزوی نقصان پہنچا۔ریسکیو حکام نے کہاکہ طیارہ گرنے سے آگ بھڑک اٹھی جس سے کئی گاڑیاں بھی نذر آتش ہو گئیں۔ طیارہ رن وے سے صرف آدھا میل دور تھا جب اسے حادثہ پیش آیا۔

ائیر ٹریفک کنٹرولر کی جانب سے پائلٹ کو خبردار بھی کیا گیا کہ طیارہ بہت نیچے ہے۔کنٹرولر بار بار طیارے کو 5 ہزار فٹ کی بلندی پر لے جانے کی تاکید کرتا رہا جبکہ طیارہ 1500 فٹ پر ہی پرواز کرتا رہا۔ ایف اے اے اور نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔