Mini bus falls into gorge in Jammu and Kashmir, 8 killed ,dozen injured

جموں:(اے یو ایس)وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں جمعرات کی صبح ایک دلدوز سڑک حادثے پر ،جس میں کم سے کم آٹھ افراد جان بحق اور تقریباً ایک درجن زخمی ہوگئے،شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار تعزیت و ہمدردی کیا اور زخمیوں کے جلد رو بصحت ہونے کی دعا کی۔ انہوں نے ہلاک شدگان کے لواحقین کو وزیر اعظم ریلیف فنڈ سے دو لاکھ روپے معاوضہ اور زخمیوں کو 50ہزار روپے برائے علاج معالجہ اخراجات دینے کا اعلان کیا۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ٹھاٹری سے ڈوڈہ جارہی ایک منی گاڑی سوئی گواری کے نزدیک بے قابو ہوکر ایک گہری کھائی میں جا گری۔انہوں نے بتایا کہ اس حادثے میں کم سے کم آٹھ افراد کے جان بحق ہونے اور کم سے کم ایک درجن افراد کے زخمی ہونے کاخدشہ ہے۔ ڈوڈہ کے ایڈیشنل ایس پی نے بتایا کہ بچاو¿ کا کام ابھی جاری ہے اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

مرکزی وزیر ڈاکٹر جتندر سنگھ نے بھی حادثہ اور ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے ٹوئیٹ کیا کہ انہوں نے ابھی ابھی ڈوڈہ کے ڈی سی وکاس شرما سے بات کی جنہوںنے بتایا کہ زخمیوں کو جی ایم سی ڈوڈہ میں داخل کر دیا گیا ہے۔نیز علاج کے لیے جو کچھ بھی ضروری ہوگا فراہم کیا جائے گا۔