Four sentenced to death for blasts at Modi's 2013 rally in Patna

پٹنہ:(اے یو ایس ) پٹنہ کی این آئی اے کورٹ نے گاندھی میدان سیریل بلاسٹ کیس میں گذشتہ دنوں مجرم قرار دیے گئے ملزموں کو سزا سنا دی۔ ان میں سے چار کو پھانسی ، دو کو عمر قید، دو کو دس اور ایک کو سات سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ واضح ہو کہ پٹنہ میں 2013 میں نریندر مودی کی ریلی بم دھماکہ کیس میں 9ملزمین کو بدھ کے روز قصوروار قرار دیا گیا تھا جبکہ ایک ملزم کو ناکافی ثبوت کے باعث بری کردیا گیا تھا ۔

اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر للن پرساد سنگھ نے بتایا کہ عدالت کے خصوصی جج گرویندر ملہوترا نے جن مجرموں کو سزا سنائی ہے وہ امتیاز انصاری ، مجیب اللہ ، حیدر علی ، فیروز اسلم ، نعمان انصاری ، افتخار ، احمد حسین ، عمیر صدیقی اور اظہرالدین ہیں جبکہ دسویں ملزم فخر الدین کو بری کر کے گیارھویں ملزم کا معاملہ ، جو کمسن تھا، جوینائل کورٹ میں منتقل کردیا گیا تھا۔ ان کے مطابق دیگر باقی دس ملزمین کے خلاف این آئی اے عدالت میں سماعت کی گئی۔

پٹنہ کے گاندھی میدان میں 27 اکتوبر 2013 کو منعقدہ بی جے پی کی ہنکار ریلی سے اس وقت کے گجرات کے وزیر اعلیٰ اور وزیر اعظم امیدوار نریندرمودی خطاب کرنے والے تھے اور مودی سمیت پارٹی کے لیڈروں کے اسٹیج پر پہنچنے سے تقریبا 20 منٹ پہلے میدان میں سلسلہ وار دھماکے ہوئے تھے ، جس میں چھ لوگوں کی موت ہوگئی تھی اور تقریبا سات درجن لوگ زخمی ہوگئے تھے۔