Afghanistan, Australia test match postponed

کابل: افغانستان اور آسٹریلیا کے درمیان 27نومبر کو کھیلا جانے والا ٹیسٹ کرکٹ میچ ملتوی کر دیا گیا۔ افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی)نے کہا کہ آسٹریلیا نے افغان کھلاڑیوں کو مزید وقت دیا ہے تاکہ اور زیادہ محنت کر کے خود کو میچ کے لیےتیار کریں۔اے سی بی کے سی ای او نصیب خان نے کہا کہ میچ کا التوا دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈ کی باہمی رضامندی سے ہوا ہے۔ اب آئندہ ملاقات میں اس کا فیصلہ کیا جائے گا کہ یہ میچ کب اور کیسے ہونا چاہئے۔

دریںؓ اثنا ایسوسی ایٹڈ پریس نے خبر دی ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا نے افغانستان میں ویمن کرکٹ پر پابندی کے باعث افغانستان کے خلاف اپنے پہلے ٹیسٹ میچ کے التوا کی تصدیق کر دی۔اے پی کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا نے اعلان کیا ہے کہ اس کا علم ہونے کے بعد کہ 15اگست کو افغانستان میں سیاسی تبدیلی آنے کے بعد افغانستان میں خواتین کے کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کر دی جائے گی کرکٹ آسٹریلیا کے پاس اس کے سوا کوئی دوسرا متبادل نہیں تھا کہ واحد ٹیسٹ میچ ہی منسوخ کر دیا جائے۔کرکٹ آسٹریلیا نے مزید کہا کہ متعلقہ کرکٹ عہدیداروں کے درمیان کافی بحث مباحثہ اور غور و فکر کے بعد آخر کار یہی طے پایا کہ فی الحال افتتاحی ٹیسٹ میچ ملتوی کر دیا جائے۔