Pentagon favours US sale of weapons and missiles to Saudi Arabia

واشنگٹن:(اے یو ایس ) امریکی وزارت دفاع سعودی عرب کو ہتھیار اور میزائل فروخت کرنے سے متعلق امریکی وزارت خارجہ کے فیصلے کی حمایت کرتی ہے۔یہ بات پینٹاگان کے ترجمان نے العربیہ کو دیے گئے بیان میں بتائی۔اس سے قبل امریکی وزارت خارجہ نے جمعرات کے روز بتایا تھا کہ سعودی عرب کو فضا سے فضا میں مار کرنے والے جدید میزائل سسٹم کی فروخت کی منظوری دے دی گئی ہے۔امریکی وزارت دفاع (پینٹاگان) کے مطابق وزارت خارجہ نے جس ممکنہ ڈیل کی منظوری دی ہے اس میں فضا سے فضا میں مار کرنے والے اے آئی ایم -120C نوعیت کے 280 میزائل شامل ہیں۔

ان کی قیمت 65 کروڑ ڈالر کے قریب ہے۔وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق اے آئی ایم-120C میزائلوں نے سعودی عرب کی جانب سے ڈرون طیاروں کے متعدد حملوں کو ناکام بنانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔ہتھیاروں کی فروخت کے پیکج میں فضا سے فضا میں مار کرنے والے اے آئی ایم-120C نوعیت کے 280 میزائلوں اور ایل اے یو نوعیت کے 596 راکٹوں کے علاوہ فاضل پرزہ جات اور دیگر سامان و لوازمات شامل ہیں۔