Egypt, Israel amend security agreement, allow more Egyptian troops along borders

تل ابیب:(اے یو ایس )مصری فوج نے اسرائیل کے ساتھ 1979 میں طے پانے والے کیمپ ڈیوڈ معاہدے میں ترمیم پر دستخط کر دیے جانے کا اعلان کیا ہے جس کی رو سے ررفح سٹی میں سرحدی علاقہ پر مزید مصری سرحدی محافظوں کی تعیناتی کی جاسکے گی ۔ اس کا مقصد وہاں مصری فوج کی موجودگی کو تقویت پہنچانا ہے۔ مصری فوج نے ایک بیان میں کہا کہ سرحدی علاقہ میں سرحدی محافظوں کی تعداد اور ان کی استعداد میں اضافہ کے لیے مشترکہ فوجی کمیٹی باہمی تبادلہ خیال کے دوران امن معاہدے میں ترمیم پر متفق ہو گئی۔بیان کے مطابق ترمیم پر دستخط تغیرات و تبدیلیوں کے مطابق سلامتی کے اقدامات کو بڑھانے کے لیے بین الاقوامی معاہدے کی حدود میں رہتے ہوئے کیے گئے ہیں۔

قبل ازیں اسرائیلی فوج کے ترجمان افیخائی ادرعی نے اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ اتوار کے روز اسرائیلی اور مصری افواج کی مشترکہ عسکری کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں دونوں افواج کے بیچ دو طرفہ معاملات زیر بحث آئے۔ علاوہ ازیں مذکورہ سمجھوتے (امن سمجھوتے) میں ترمیم پر بھی دستخط کیے گئے۔ادرعی نے مزید بتایا کہ سمجھوتے میں ترمیم کی منظوری سیاسی سطح پر دی گئی ۔ واضح رہے کہ مصری سیکورٹی ذمے داران اور سیاست دانوں کی جانب سے آخری چند برسوں سے اس بات پر مسلسل زور دیا جا رہا تھا کہ امن معاہدے کی بعض شقوں میں ترمیم کی ضرورت ہے۔ اس کا مقصد سرحد کے متوازی علاقوں میں مزید عسکری تعیناتی کو ممکن بنانا تھا۔ ان علاقوں میں شدت پسند جماعتوں کا پھیلاو¿ اور دہشت گردی کی کارروائیاں دیکھی جا رہی تھیں۔مصر اور اسرائیل کے درمیان کیمپ ڈیوڈ امن معاہدے پر 26 مارچ 1979کو دستخط ہوئے تھے۔

یہ معاہدہ جزیرہ نما سیناءکو تین زون (اے,بی,سی) میں تقسیم کرتا ہے۔ معاہدے کی رو سے مصر زون سی میں لڑاکا طیارے اور بھاری اسلحہ داخل نہیں کر سکتا۔ یہ زون اسرائیل کی سرحد سے ملحق ہے۔ اس زون میں 750 سے زیادہ مصری فوجی تعینات نہیں کیے جا سکتے۔ تاہم معاہدے کی ایک شق اس بات کی اجازت دیتی ہے کہ کسی ایک فریق کی درخواست پر فریقین کے اتفاق رائے سے سیکورٹی انتظامات عمل میں لائے جا سکتے ہیں۔ اسرائیل کئی برس سے اس بات پر آمادہ تھا کہ سیناءمیں مصری فورسز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ یہ اقدام وہاں دہشت گرد تنظیموں کے خلاف قاہرہ کے عسکری آپریشن کے ضمن میں ہے۔عسکری مبصرین کے مطابق مصر اور اسرائیل کے بیچ امن معاہدے میں ترمیم کی اہمیت دہشت گردی اور شدت پسندی کے انسداد اور خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے سلسلے میں ضروری اور باقی رہے گی۔دوسری جانب اسرائیلی اخبار “یدیعوت احرونوت” کے مطابق تل ابیب پہلے ہی ایک سے زیادہ مواقع پر اس بات پر آمادہ ہو چکا تھا کہ زون C میں مصر اپنی فورسز کی تعداد میں اضافہ کرے۔