‘Owaisi-BJP like chacha-bhatija’: Rakesh Tikait on AIMIM chief's ‘repeal CAA-NRC’ demand

لکھنؤ: پیر کو لکھنؤمیں منعقدہ کسان مہاپنچایت سے پہلے شہریت ترمیمی قانون ( سی اے اے) کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال پر راکیش ٹکیت نے کہا کہ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین ( اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اسد الدین اویسی اور بی جے پی کے درمیان چچا بھتیجے جیسا رشتہ ہے۔ اگر وہ (اویسی) کہیں گے تو بی جے پی سی اے اے کوبھی واپس لے لے گی۔

زر عی ایکٹ کو منسوخ کرنے کے مرکزی حکومت کے فیصلے کے بعد مختلف تنظیموں کے ساتھ ساتھ اے آئی ایم آئی ایم کے صدر اسد الدین اویسی نے بیان دیا تھا کہ مرکزی حکومت کو اسی طرح شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کو بھی منسوخ کردینا چاہیے، اس کے ساتھ ساتھ نیشنل سٹیزن رجسٹر(این آر سی) کو بھی منسوخ کردینا چاہیے۔

کسانوں کے مختلف مطالبات کو لے کر پیر کو لکھنؤمیں منعقد ہونے والے کسان مہاپنچایت کے بارے میں جب بھارتیہ کسان یونین (بی کے آئی یو) کے قومی ترجمان راکیش ٹکیت سے اس سلسلے میں سوال پوچھا گیا ،تو انہوں نے سی اے اے پر اپنی رائے دینے سے گریز کیااور گیند اویسی کے پالے میں ڈال دی۔واضح ہو کہ اویسی نے گزشتہ روز بارہ بنکی میں ایک عام جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سی اے اے اور این آر سی کی واپسی کا مطالبہ کیا تھا او ر احتجاجوں کی دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ان کا مطالبہ نہ مانا گیا تو ریاست میں ایک اور شاہین باغ بنا دیا جائے گا۔