Arab Coalition kills 110 Houthis and destroy 12 vehicles in Marib and Al bayda in Yemen

ریاض:(اے یو ایس ) سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد نے گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران میں یمن کے شمالی صوبہ مآرب اور البیضا میں ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے خلاف 17 فضائی کارروائیاں کی ہیں۔عرب اتحاد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اہدافی کارروائیوں میں حوثیوں کی 12 فوجی گاڑیاں تباہ ہوگئی ہیں اورملیشیا کے 110 سے زیادہ ارکان ہلاک ہو گئے ہیں۔

قبل ازیں عرب اتحاد نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اس نے ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے زیرانتظام دارالحکومت صنعا میں رات بھرفضائی حملے کیے ہیں اور ان میں بیلسٹک میزائل داغنے کی ایک جگہ کو تباہ کر دیا ہے۔شہرکے مکینوں نے علاقے میں بڑے دھماکوں کی اطلاع دی ہے۔سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی (ایس پی اے) کے ایک بیان کے مطابق اتحاد نے کہا ہے کہ اس نے صنعا میں جائزفوجی اہداف کے خلاف فضائی حملے کیے ہیں۔

اس نے حوثیوں کی بیلسٹک میزائلوں کی جگہوں کو خفیہ قراردیا ہے اور کہا ہے کہ ان میں سے ایک نہایت اہمیت کی حامل سائٹ کو تباہ کردیا گیا ہے۔اتحاد کا کہنا ہے کہ اس نے شہریوں کو کسی بھی ضمنی نقصان سے بچانے کے اقدامات کیے ہیں،مگر حوثی جنگجو اسپتالوں، تنظیموں کو اپنے خفیہ ٹھکانوں اور شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پراستعمال کررہے ہیں۔