Ex Chief Justice Saqib Nawaz should reveal who forced him to punish me and Nawaz Sharif : Maryam Nawaz

اسلام آباد:(اے یو ایس )مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار بتائیں کس نے آپ کو مریم اور نواز شریف کو سزا دینے پر مجبور کیا جبکہ منظر عام پر آنے والی آڈیو کے ساتھ پروپیگنڈا شروع ہوگیا ہے۔اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نامور امریکی ادارے سے آڈیو کی فرانزک کی گئی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ اس آڈیو میں کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جب یہ آڈیو سامنے آئی تو ثاقب نثار صاحب کا کہنا تھا کہ یہ ان کی آڈیو نہیں ہے، بعد ازاں ایک چینل کی مدد سے انہوں نے قبول کیا اور کہا کہ آڈیو توڑ مروڑ کر پیش کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے فیصلے ادارے دیتے ہیں، آڈیو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کو لانا ہے تو نواز شریف کو سزا دینی ہوگی اور بیٹی کو بھی سزا دی جائے۔مریم نواز نے کہا کہ میں پروپیگنڈا کرنے والے چینل کو کہنا چاہتی ہوں کہ وہ جملے بتائیں جو آپ چھپا رہے ہیں اور ہماری رہنمائی کریں کہ یہ جملے جسٹس ثاقب نثار نے کس تقریر میں کہے تھے۔انہوں نے کہا کہ جسٹس شوکت عزیز نے اگر کوئی الزام لگایا ہے جس میں آپ نے اعتراف کیا ہے کیا وہ ویڈیو بھی جھوٹی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شوکت عزیز کی گواہی کے بعد ارشد ملک جنہوں نے نواز شریف کو سزا سنائی تھی اس وقت جو میں نے ویڈیو ریلیز کی تھی عوام کے سامنے ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ نواز شریف کو سچ بولنے کی پاداش میں نکال دیا، جسٹس کھوسہ صاحب نے اس وقت کہا تھا کہ فیصلہ عدلیہ کے چہرے پر کالا دھبہ ہے آپ نے اس جج کو نکال دیا لیکن وہ فیصلہ اب بھی موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے جج کا بیان حلفی سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ چیف جسٹس صاحب نے کسی کو فون کیا جس میں انہوں نے کہا کہ الیکشن سے قبل مریم اور نواز شریف کو ضمانت نہیں دینی۔ان کا کہنا تھا کہ آڈیو اور ویڈیو میں شک و شہبات ہوسکتے ہیں لیکن گلگت بلتستان کے چیف جج اور شوکت عزیز حیات ہیں انہیں بلا کر اس حوالے پوچھیں اور اپنی بے گناہی ثابت کریں۔مریم نواز نے کہا کہ ثاقب نثار بتائیں کس نے آپ کو مریم اور نواز شریف کو سزا دینے پر مجبور کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر تمام شواہد کو چھوڑ دیا جائے جس میں جسٹس شوکت عزیز، گلگت بلتستان کے چیف جج سمیت تمام افراد کی گواہی جھوٹی بھی ہے تو یہ نواز شریف کے حق میں پانچویں شہادت آئی ہے۔