One of the three terrorists killed in encounter in Srinagar's Rambagh identified as top TRF commander

سرینگر :(اے یو ایس ) جموں و کشمیر میں سیکورٹی فورسیز کو بڑی کامیابی ہاتھ لگی ہے۔ کشمیر میں سرینگر کے رام باغ علاقہ میں سیکورٹی فورسیز اور پولیس نے تین دہشت گردوں کو ڈھیر کردیا ہے۔ ان میں سے ایک کی شناخت دی ریزسٹنس فرنٹ (ٹی آر ایف) کمانڈر کے طور پر کی گئی ہے باقی دو دہشت گرد کہاں کے رہنے والے تھے اور کس تنظیم سے وابستہ تھے ، فی الحال اس کا علم نہیں ہو سکا ہے۔یہ ہلاک ٹی آر ایف کمانڈر شہر میں دو ٹیچروں اور کچھ دیگر شہریوں کے قتل میں ملوث تھا۔

سیکورٹی فورسیز کے اہلکارباقی دو لاشوں کی شناخت کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ کشمیر زون کے انسپکٹر جنرل وجے کمار کے مطابق رام بن میں دہشت گردوں کے روپوش ہونے کی خفیہ اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسیز نے مشترکہ طور پر سرچ آپریشن چلایا تھا۔سیکورٹی فورسیز پر دہشت گردوں کی جانب سے گولہ باری کی گئی ، جس کے بعد جوابی کارروائی میں ان تینوں دہشت گردوں کو مار گرایا گیا۔ پولیس اور سیکورٹی فورسیز فی الحال پورے علاقہ کو اپنے قبضہ میں لے کر چھان بین کررہے ہیں۔