Japan bans entry of foreign Visitors as Omicron spreads

ٹوکیو:(اے یو ایس ) جاپانی حکومت نے کورونا وائرس کی نئی قسم ‘اومیکرون’ کے پھیلاﺅ کے خطرات کے سبب اپنی تمام سرحدوں سے غیر ملکی افراد کی آمد پر پابندی لگا دی ہے۔جاپانی وزیر اعظم فومیو کیشیدا کی جانب سے اعلان کے مطابق اس اعلان کا اطلاق منگل کے روز سے شروع کیا جائے گا۔اس فیصلے کی وجہ سے جاپان میں ایک ماہ قبل ہٹائی جانے والی سفری پابندیوں کو دوبارہ عائد کر دیا جائے گا۔

جاپان میں کاروباری حضرات، غیر ملکی طلبا اور ملازمین کی سہولت کے لئے رواں ماہ کے اوائل میں کرونا پابندیوں میں نرمی کی گئی تھی۔گزشتہ ہفتے کے دوران جاپان نے جنوبی افریقہ اور آٹھ دیگر ممالک سے آنے والے افراد پر لازم قرار دیا تھا کہ وہ حکومت کی مختص کردہ جگہوں پر دس دن قرنطینہ میں گزاریں گے۔کرونا وائرس کے نئے روپ اومیکرون کے سامنے آتے ہی دنیا کے اکثر ممالک نے اپنی سرحدوں اور ائیرپورٹس پر سختی کر دی ہے تاکہ وائرس کے پھیلاﺅ کو روکا جاسکے۔