Yemen: Arab led coalition shoot down bomb laden drone

صنعا:(اے یو ایس ) یمن میں آئینی حکومت کے دفاع میں لڑنے والے عرب عسکری اتحاد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اتحادی فوج نے صنعا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے اڑان بھرنے والے ایک بمبار ڈرون کو مار گرایا ہے۔انہوں نے بدھ کی صبح ایک بیان میں کہا کہ اس ڈرون طیارہ نے یمنی دارالحکومت کے ہوائی اڈے سے اڑان بھری تھی لیکن اسے عمران گورنری کی فضائی حدود میں ہی نشانہ بنا کر مار گرایا گیا۔انہوں نے وضاحت کی کہ ڈرون کو ہوائی اڈے پر ایئر ڈیفنس بٹالین میں رکھا کیا گیا تھا ۔

اتحاد نے گذشتہ روز ایک بیان میں کہا تھا کہ اس نے ڈرون کے خطرے کے منبع کی نشاندہی کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کو بین الاقوامی انسانی قانون اور اس کے روایتی قوانین کے مطابق فوری جواب دیا جائے گا۔قبل ازیں عرب اتحادی فوج نے حوثیوں کی ایک بمبار کشتی کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا۔ یہ بمبار کشتی الحدیدہ گورنری سے بھیجی گئی تھی۔عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ حوثیوں کی جانب سے جہاز رانی کی آزادی کو خطرہ علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔

یمن میں آئینی حکومت کے حامی عرب اتحاد نے منگل کی صبح اعلان کیا کہ اس نے صنعا کے اندر ایرانی پاسداران انقلاب کے ماہرین کے ایک خفیہ ٹھکانے کو نشانہ بنایا ہے۔اتحاد نے کہا ہے کہ اس نے یمنی دارالحکومت صنعا میں بیلسٹک میزائلوں کے ایک ڈپو کو فضائی حملے میں تباہ کر دیا ہے اور ساتھ ہی صنعا کے ہوائی اڈے سے منسلک الدیلمی اڈے پر بیلسٹک میزائلوں کے ذخیرے اور کئی ورکشاپس کو تباہ کر دیا ہے ۔