Woman hangs self, three children in Chittorgarh

چتور گڑھ، :(اے یو ایس) راجستھان کے چتور گڑھ ضلع کے کپاسن میں اپنے تین بچوں کے ساتھ ایک خاتون کی خودکشی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ایس ایچ او پھول چند ٹیلر نے بتایا کہ بدھ کی رات 10 بجے اسٹیشن روڈ پر واقع پولٹری فارم میں پیش آنے والے اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی۔ پولٹری کے ایک کمرے کے ٹین شیڈ سے ان کی لاشیں لٹکی ہوئی ملیں، جن کو اترواکر مقامی اسپتال پہنچایا گیا۔مرنے والوں کی شناخت روپا (28) اور اس کی بچیوں شیوانی (07) اور کرن (03) اور پانچ سال کے بیٹے دیپیش ساکن گاؤں گھوڑا پھلاں تھانہ شیو گڑھ رتلامر مدھیہ پردیش کے طور پر ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ موقع سے شوہر کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی گئی تو اس نے بتایا کہ وہ شام کو شراب پینے گیا تھا اور نو بجے جب واپس آیا تو بیوی اور بچوں کو پھندے میں لٹکا پایا۔پولیس نے جب قریب میں نصب سی سی ٹی وی فوٹیج کو دیکھا تو اس کا بیان درست پایا گیا، اس لئے اس کو فی الحال چھوڑ دیا گیا ہے۔ شوہر سے پوچھ گچھ کے دوران اس نے بتایا کہ معمول کے مطابق اس کا اپنی بیوی سے شراب نوشی اور دیگر گھریلو معاملات پر معمولی جھگڑا ہوا تھا۔ پولیس نے متوفیہ کے اہل خانہ کواطلاع دے دی ہے اور ان کے پہنچنے کے بعد لاشوں کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔ یہ فیملی گزشتہ چار سال سے پولٹری فارم پر چوکیدار کا کام کر رہی تھی۔