Modi say thanks to scientists Pokhran test

نئی دہلی: (اے یو ایس) وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو ٹیکنالوجی کے قومی دن کے موقع پر ان ہندوستانی سائنسدانوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے 1998 میں پوکھرن جوہری تجربہ میں اہم کردار ادا کیا تھا۔مسٹر مودی نے اس وقت کے وزیر اعظم اٹل بہاری باجپئی کو بھی یاد کیا اور کہا کہ انہوں نے (مسٹر باجپئی) اس وقت سیاسی جرات کا مظاہرہ کیا۔

وزیر اعظم نے ٹویٹ کیا ” ٹیکنالوجی کے قومی دن پر، ہم اپنے بہترین سائنسدانوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے 1998 میں پوکھرن جوہری تجربہ کیا تھا۔ ہمیں اٹل جی کی مثالی قیادت پر فخر ہے جنہوں نے شاندار سیاسی جرات کا مظاہرہ کیا“۔مسٹر مودی نے باجپئی کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے ایک ویڈیو شیئر کیا۔ ویڈیو میں وہ ( مودی) یہ کہتے ہوئے نظر آرہے ہیں کہ پوکھرن نیوکلیئر ٹیسٹ نے ہم وطنوں کا سینہ فخر سے چوڑا اور سر فخر سے بلند کر دیا۔

ویڈیو میں باجپئی کی تقریر کے اقتباسات بھی ہیں، جس میں انہوں نے جوہری ہتھیاروں کے لیے ہندوستان کی ’پہلے استعمال نہ کرنے‘ کی پالیسی کا اعلان کیا تھا۔واضح رہے کہ پوکھرن جوہری تجربہ ملک کی تکنیکی ترقی میں سب سے اہم سنگ میل رہا ہے۔