Pak drone with grenades, sticky bombs, shot down in J&K

جموں: (اے یو ایس) جموں وکشمیر پولیس نے اتوار کی صبح کٹھوعہ کے تالی ہریا چیک علاقے میں ایک پاکستانی ڈرون کو مار گرایا جس کے بعد بی ڈی ایس اسکارڈ کو بھی طلب کیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع کٹھوعہ کے پولیس اسٹیشن راجباغ کے تحت آنے والے تالی ہریا چیک علاقے میں سیکورٹی فورسز نے سرحد پار سے ایک ڈرون کو اس طرف آتے ہوئے دیکھا۔

انہوں نے بتایا کہ سلامتی عملے کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں ڈرون کو مار گرایا گیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ مستعد اہلکاروں نے ایک بڑی دہشت گردانہ کارروائی کو ٹالتے ہوئے ایک پاکستانی ڈرون مار گرایا۔ انہوں نے بتایا کہ ڈرون سے ایک مشتبہ شئے بھی ملی ہے جس کی جانچ پڑتال کی خاطر بم ڈسپوزل اسکارڈ کو طلب کیا گیا ہے۔

دریں اثنا اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ نے بتایا کہ کٹھوعہ کے تالی ہریا چیک علاقے میں اتوار کی صبح ایک مشتبہ ڈرون کی نقل وحرکت کے بارے میں اطلاع موصول ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ مستعد پولیس اہلکاروں نے ڈرون پر فائرنگ کرکے اُس کو مار گرایا جبکہ ڈرون کے ساتھ ایک مشتبہ شئے بھی برآمد کی گئی ہے۔