PM Modi delivers 'strong message' at G7 Summit

شملہ:(اے یو ایس) وزیر اعظم نریندر مودی نے ہماچل پردیش کے کلو میں پیر کی صبح پیش آنے والے بس سانحہ پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا اور ہلاک شدگان کے لواحقین سے اظہار تعزیت و ہمدردی کرتے ہوئے وزیر اعظم قومی ریلیف فنڈ سے دو لاکھ روپے فی کنبہ معاوضہ کا اعلان کیا۔علاوہ ازیں انہوں نے ہر زخمی کو 50ہزار روپے امداد دینے کا بھی اعلان کیا۔کلو میں پیش آنے والے دلخراش حادثہ کی خبر سنتے ہی وزیر اعظم نے ٹوئٹ کیا کہ ہماچل پردیش کے کلو میں پیش آنے والا حادثہ دل دہلا دینے والا ہے۔ غم کے ان لمحات میں غمزدہ کنبوں سے میری تعزیت۔ مجھے امید ہے کہ جو زخمی ہیں وہ جلد از جلد صحت یاب ہوں گے۔

مقامی انتظامیہ متاثرہ افراد کی ہر ممکن امداد کر رہی ہے۔ کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی حادثہپر رنج و غم کا اظہار کیا ۔ پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کیا کہ کلو ہماچل پردیش میں ہونے شدید سڑک حادثہ میں اسکولی بچوں سمیت مقامی لوگوں کی موت کی خبر سن کر دل کو تکلیف پہنچی۔ خدا جان گنوانے والوں کی روحوں کو سکون دے۔ مہلوکین کے اہل خانہ سے میری گہری تعزیت۔ میں زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی تمنا کرتی ہوں۔

واضح ہو کہ پیر کے روز کلو میں ایک مسافر بس گہری کھائی میں گر جانے سے کم از کم 16 افراد کی موت اور متعدد زخمی ہو گئے، بس میں مجموعی طور پر 45 افراد سوار تھے۔موصولہ اطلاع کے مطابق یہ حادثہ تقریباً 8.30 بجے اس وقت پیش آیا جب شین شر سے سینج کی طرف آ رہی بس گرل کے قریب موڑ پر بے قابو ہوکر سڑک کے نیچے کھائی میں گر گئی۔ اس میں اسکول کے بچے بھی سوار تھے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔