Why local newspapers in US continuing to close at rate of two every week

واشنگٹن: (اے یو ایس ) امریکہ میں ہر ہفتے دو مقامی اخبارات بند ہو رہے ہیں اور ایسا اس مسئلے کے بڑھتے ہوئے احساس کے باوجود ہو رہاہے۔مقامی خبروں کی حالت پر بدھ کو جاری ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق وہ علاقے جہاں مقامی خبروں کے قابل اعتماد ذرائع کا فقدان ہے وہاں شرح خواندگی کم ہے۔

مئی کے آخر تک امریکہ میں 6,377 اخبارات تھے جب کہ 2005 میں ان کی تعداد 8,891 تھی۔کورونا کے وبائی مرض سے پیدا ہونے والا بحران اخباری صنعت کی اس صورتِ حال کا اس حد تک سبب نہیں بنایا جس کا انڈسٹری میں کچھ لوگوں کو خدشہ تھا۔ پھر بھی 2019 کے اواخر سے اب تک ملک میں 360 اخبارات بند ہو چکے ہیں۔ان میں سے 24 ہفتہ وار اشاعتوں کے علاوہ بقیہ تمام چھوٹی کمیونٹیز میں شائع ہوتے تھے۔یہ تفصیلات نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی کے میڈیل اسکول آف جرنلزم، میڈیا اور انٹی گریٹڈ مارکیٹنگ کمیونیکیشنز نے فراہم کی ہیں۔نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی کے ایک اندازے کے مطابق 2006 میں 75,000 صحافی اخبارات میں کام رہے تھے اور اب اخباری صنعت سے وابستہ صحافیوں کی تعداد کم ہو کر 31,000 رہ گئی ہے۔اسی عرصے کے دوران امریکہ میں اخبارات کی سالانہ آمدنی 50 ارب ڈالر سے گھٹ کر 21 ارب ڈالر رہ گئی۔

تحقیقی رپورٹ کے مطابق مخیر حضرات اور سیاست دان اس مسئلے پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں۔ لیکن اس کے باوجود صنعت کے اشتہاری ماڈل کے خاتمے کا سبب بننے والے عوامل میں کوئی تبدیلی رونما نہیں ہو رہی ہے۔خیال رہے کہ امریکہ اور دنیا بھر میں ڈیجیٹل دور میں اخباری صنعت کو اشتہاروں کے حصول میں سخت چیلنجز کا سامنا رہا ہے۔ انٹرنیٹ کے بڑے پیمانے پر دستیاب ہونے کے بعد کاروباری دنیا زیادہ تر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور سوشل میڈیا کے ذریعے ایڈور ٹائزنگ کو ترجیح دیتی ہے۔ ایسے میں کسی اخبار، خاص طور پر مقامی اور چھوٹےاخبارات کو ،منافع بخش کاروبار کے طور پر چلانا ایک مشکل کام بن گیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بہت سی ڈیجیٹل سائٹس کسی ایک واحد مسئلے پر مرکوز ہو تی ہیں اور ایسی سائٹس یا تو بڑے شہروں میں یا ان کے قریب کے علاقوں میں ہوتی ہیں جہاں مخیر ذرائع سے آنے والی رقوم ان کے لیے زیادہ تر فنڈنگ فراہم کرتی ہیں ۔