CWG 2022: India finishes fourth in medal standings with 22 Gold

برمنگھم: ( (اے یو ایس) 22طلائی،16نقرئی اور23کانسہ کے تمغوں کے ساتھ ہندوستان نے 61تمغے جیت کر میڈل فہرست میں چوتھی پوزیشن حاصل کی وہیں برمنگھم میں منعقد دولت مشترکہ کھیل2022بھی موسیقی کی سحر انگیز دھن کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئے۔ برمنگھم کے الیکزینڈر اسٹیڈیم میں منعقد اختتامی تقریب میں شرتھ کمال اور نکہت زریں ہندوستانی دستے کے پرچم بردار بنے۔ کھیلوں کے اختتام پر جاری میڈل فہرست کے مطابق آسٹریلیا 178اور میزبان انگلینڈ 176تمغوں کے ساتھ بالترتیب اول اور دوئم پوزیشن پر رہے جبکہ کناڈا92تمغوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ ہندوستانی بیڈمنٹن اسٹار پسرلا وینکٹا سندھو نے برطانیہ کے برمنگھم میں کھیلے جا رہے کامن ویلتھ گیمز 2022 میں پیر کے روز کناڈا کی مچل لی کو2-0 سے شکست دے کر خواتین کے سنگلز کا طلائی تمغہ جیت لیا۔

سندھو نے گلاسگو 2014 گیمز کی گولڈ میڈلسٹ مچل کو 21-15، 21-13 سے شکست دی۔ریو 2016 کی سلور میڈلسٹ سندھو جب کورٹ پر آئیں تو ان کے پیر لوبنڈیج لگاہواتھا، لیکن اس سے ان کے کھیل پر کوئی اثر نہیں پڑا۔پہلے گیم میں انہیں مچل سے چیلنج ملا لیکن دوسرے گیم میں کناڈائی کھلاڑی کی غیر متوقع غلطیوں نے سندھو کے لئے جیت کی راہ ہموار کردی۔اس سے قبل سندھو نے گلاسگو 2014 گیمز میں کانسے اور گولڈ کوسٹ 2018 گیمز میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا اور اس جیت کے ساتھ ہی سندھو نے کامن ویلتھ میڈلز کا سیٹ مکمل کرلیا۔مجموعی طور پر دولت مشترکہ کھیلوں میں ہندوستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ہندوستان نے کھیلوں کے دسویں دن کل 15 تمغے حاصل کئے ۔ ہندوستان نے آخری یعنی11ویں دن مزید6تمغے حاصل کیے جن میں4 طلائی، 1 نقرئی اور ایک ہی کانسہ کا تمغہ شامل ہے۔ آسٹریلیا 67 طلائی،57 نقرئی اور 54 کانسی کے تمغوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔

دوسری جانب میزبان انگلینڈ57 گولڈ میڈلز کے ساتھ دوسرے اور کینیڈا 26 گولڈ میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ وہیں 20 طلائی تمغوں کے ساتھ نیوزی لینڈ 5ویں نمبر پر ہے جو بھارت سے ایک مقام نیچے ہے۔کھیلوں کے دسویں دن (اتوار کے روز) 7 اگست کو ہندوستان نے 15 تمغے اپنے نام کئے۔ اس میں 5 گولڈ، 4 سلور اور 6 برونز میڈل شامل ہیں ۔ہندوستانی خواتین کی ہاکی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے کانسی کے تمغے کے میچ میں کامیابی حاصل کی۔ خواتین کی ہاکی ٹیم نے 16 سال بعد کامن ویلتھ گیمز میں تمغہ جیتا ہے۔ ادھر، دپیکا پالیکل اور سورو گھوشال نے اسکواش میں ہندوستان کے لیے کانسی کا تمغہ جیتا۔ کرکٹ میں بھی ہندوستانی خواتین ٹیم نے چاندی کا تمغہ جیتا۔

بیڈمنٹن میں کیدامبی سری کانت نے مردوں کے سنگلز میں جبکہ گایتری اور ترشا جولی نے خواتین کے ڈبلز میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔اتوار کے دن ہندوستان کے کئے باکسنگ میں نکہت زرین، نیتو اور امت پنگھال، جبکہ ٹریپل جمپ میں الڈوز پال نے طلائی تمغہ حاصل کیا۔ نکہت زرین نے 48-50 کلوگرام وزن کے زمرے میں شمالی آئرلینڈ کی لارلی کو یکطرفہ مقابلہ میں 5-0 سے شکست دی۔ نیتو بھی نے 45-48 کلو وزن کے زمرے میں انگریزی مکہ باز ڈیمی زیڈ ریزتان کو 5-0 سے یکطرفہ طور پر شکست دی۔جبکہ امت پنگال نے 48-51 کلو زمرے میں انگریز کھلاڑی کیارن میک ڈونلڈ کو 5-0 سے ہرا کر طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔ مردوں کے ٹریپل جمپ مقابلہ میں ہندوستانی ایتھلیٹ ایلڈوز پال نے 17.03 میٹر کی چھلانگ لگا کر گولڈ اپنے نام کیا۔ وہ کامن ویلتھ گیمز کی تاریخ میں ٹریپل جمپ کا گولڈ دلانے والے پہلے ہندوستانی ہیں۔