Gujarat: 2 die, 10 injured due to electrocution during Tazia procession in Jamnagar

احمدآباد:(اے یو ایس) ہندوستان ہی نہیں، کئی دیگر ممالک میں بھی یوم عاشورہ کے موقع پر کئی مقامات پر تعزیہ داری اور عزاداری کے دوران گجرات میں اندوہناک حادثہ پیش آیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گجرات کے جام نگر میں تعزیہ نکالے جانے کے دوران ایک بجلی تار کی زد میں آنے سے دو افراد کی موت ہو گئی۔ اس حادثہ میں 10 افراد سنگین طور پر زخمی بھی ہوئے ہیں۔ سبھی کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ یہ واقعہ پیر اور منگل کے درمیانی شب میں پیش آیا۔

میڈیا ایک رپورٹ کے مطابق حادثہ جام نگر کے دھرار نگر 2 کے علاقے میں رات تقریباً 11.15 بجے پیش آیا۔ ہلاک شدگان کی شناخت 23 سالہ آصف ملک اور 20 سالہ محمد واحد پٹھان کی شکل میں ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اوپر جا رہے تاروں سے ایک ڈنڈا ٹکرا گیا جس کے بعد زور کا جھٹکا لگا اور دونوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ پولیس نے یہ بھی بتایا کہ تعزیہ لے کر جا رہے لوگوں کے پیر گٹر کے کور پر پڑ گیا تھا۔ اس کی وجہ سے تعزیہ لڑکھڑا گیاور جو لوگ تاروں کو اس کے راستے سے ہٹانے کے لیے ڈنڈا لے کر آگے چل رہے تھے وہ بجلی کی تار کی زد میں آ گئے۔

اس دوران بارش بھی ہو رہی تھی جس کی وجہ سے حادثہ ہو گیا۔جام نگر کے ایس پی پریم سکھ ڈیلو نے بتایا کہ یہ منت کا تعزیہ تھا۔ جام نگر کی کوئی تعزیہ کمیٹی اس میں شامل نہیں تھی۔ ایک بار جلوس شروع ہوا تو جام نگر کے لوگ بھی اس میں شامل ہو گئے۔ تعزیہ کافی اونچا تھا۔ ایک خراب راستے سے گزرنے کے دوران یہ حادثہ ہو گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ حادثاتی موت کا کیس جام نگر کے بی ڈویژن تھانے میں درج کیا گیا ہے۔