PM Modi urges all to respect women

نئی دہلی:(اے یو ایس ) وزیر اعظم نریندر مودی نے یوم آزادی کے موقع پر کہا کہ ملک کی خوشحالی کے لئے خواتین کی صلاحیتوں کی توہین نہ کرنے اور انہیں فخر کے ساتھ مواقع فراہم کرنے سے ملک کی ترقی کو رفتار ملے گے اور امرت کال میں ملک کو آگے لے جانے کے لیے مزید پنکھ لگیں گے۔ 76ویں یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ کی فصیل سے قوم سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم مودی نے کہا کہ وہ خواتین کی طاقت میں ترقی کی رفتار کو واضح طور پر دیکھ رہے ہیں اور وہ محسوس کرتے ہیں کہ اگر خواتین کو فخر اور احترام دیکر اس عمل سے جوڑا جائے تو اگلے 25 سالوں یعنی ملک کی آزادی کے 100 سال کے اس امرت کال میں قوم کی ترقی کو مزید پنکھ لگیں گے۔خواتین کی توہین کو اپنے اندر کا درد بتاتے ہوئے پی ایم مودی نے ہم وطنوں سے خواتین کی توہین نہ کرنے کا عہد لینے کی اپیل کی اور کہا کہ ”کسی نہ کسی وجہ سے ہمارے اندر ایسی خرابی پیدا ہو گئی ہے جس میں ہم اپنے الفاظ سے، سلوک سے خواتین کی توہین کرتے ہیں۔

معاشرے کو اس بگاڑ سے نجات دلانے کے لیے ہمیں اپنے مزاج اور عمل سے خواتین کی توہین سے آزادی حاصل کرنے کا عہد کرنا چاہیے۔ وزیراعظم نے کہا کہ خواتین کی طاقت میں ترقی کی طاقت وہ اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں۔ وہ دیکھ رہے ہیں کہ خواتین کی عزت کرنا، اسے وقار دینا اور ان کی توہین نہ کرنا قوم کے خواب کو پورا کرنے کی سمت بہت بڑی طاقت ثابت ہونے والا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ خواتین کی عزت اور ان کا غرور برقرار رکھنے کا عہد کیا جائے ۔پی ایم مودی نے کہا کہ خواتین کی طاقت ملک میں ایک طاقت کے طور پر سامنے آرہی ہے اور آئندہ 25 سالوں میں یہ طاقت ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے والی ہے۔ اس لیے ملک کی بیٹیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں اور مواقع فراہم کرنا اور ان کو عزت دینا سب کی ذمہ داری ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم امرت کال میں خواتین کی طاقت کو جوڑیں گے تو ہمارے خوابوں کو مزید پنکھ لگ جائیں گے۔ وزیر اعظم نے اس تناظر میں شہری فرض کا بھی حوالہ دیا اور اسے ایک عظیم طاقت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نظم و ضبط کی زندگی، فرض سے لگن کسی بھی ملک کو ترقی کی راہ پر لے جانے کا ایک بڑا منتر ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام ملک کے عوام کو بجلی فراہم کرنا ہے لیکن شہری کا فرض ہے کہ وہ ضرورت کی بجلی خرچ کرے اور اسے بے کار خرچ نہ کرکے ہر یونٹ بچانے کی کوشش کرے۔ اسی طرح حکومت کا کام ہر گھر تک پانی پہنچانا ہے، لیکن پانی کی بربادی نہیں ہونی چاہیے، یہ ملک کے شہریوں کا فرض ہے۔ جس ملک کے شہری یہ فرائض سرانجام دیتے ہیں، وہ ملک یقیناً ترقی کی بلندی پر پہنچتا ہے۔