Canada announces USD 20000 flood relief aid to Pakistan

اسلام آباد:(اے یو ایس ) پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں کے سبب متاثرہ افراد کی امداد کے لیے کناڈا سمیت عالمی برادری کی جانب سے امداد کا سلسلہ جاری ہے۔ کناڈیائی وزیر برائے بین الاقوامی ترقی ہرجیت سجن نے ایک بیان میں کہا کہ کناڈا کی حکومت نے پاکستان میں سیلاب زدگان کے لیے انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز کو 20 ہزار ڈالر مختص کیے ہیں۔یہ فنڈز پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی پانی، صفائی اور حفظان صحت کی خدمات اور نقد امداد کے لیے استعمال کرے گی۔

ہرجیت سجن نے مزید کہا کہ ہم صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور ملکی شراکت داروں اور کثیرالجہتی تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ یہ دیکھیں کہ کناڈا پاکستانی عوام کے لیے کیا اضافی مدد فراہم کر سکتا ہے کناڈا، اقوام متحدہ کے سینٹرل ایمرجنسی رسپانس فنڈ (سی ای آر ایف) کا بھی عطیہ دہندہ ہے جس نے سیلاب سے نمٹنے کے لیے 30 لاکھ ڈالر مختص کیے ہیں۔

یہ فنڈنگ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں صحت، غذائیت، خوراک، پانی اور صفائی کے لیے استعمال کی جائے گی۔کناڈیائی وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے ایک بیان میں کہا کہ کناڈا خوراک، صاف پانی اور دیگر ضروری خدمات جلد از جلد فراہم کرنے کے لیے یو این سی ای آر ایف کے ذریعے مدد فراہم کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ میری طرح ملک بھر کے عوام پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے متاثر ہونے والے ہر فرد کے بارے میں فکرمند ہیں۔